Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹم پین: صرف 4 ہزار فالوورز والا فٹبالر راتوں رات ورلڈ کپ کا نیا ہیرو کیسے بن گیا؟

نیوزی لینڈ کے لیے 50 میچ کھیلنے والے پین نے 18 برس کی عمر میں قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے دفاعی کھلاڑی ٹم پین اچانک سوشل میڈیا کے نئے سٹار بن گئے  جب ارجنٹینا کے ایک معروف فٹبال انفلوئنسر نے اپنے فالوورز سے اپیل کی کہ وہ کم شہرت رکھنے والے 32 سالہ فٹبالر کو آئندہ فیفا ورلڈ کپ کا ’ہیرو‘ بنا دیں۔
فٹبال انفلوئنسر ایل اسکارسو کو ویلن سکارسینی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، انہوں نے کینیڈا، امریکہ اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کا جائزہ لینے کے بعد ٹم پین کو ’کم معروف ترین‘ فٹبالر قرار دیا۔ اس کی بنیادی وجہ ان کے سوشل میڈیا فالوورز کی انتہائی کم تعداد تھی۔
رواں ہفتے کے آغاز تک ٹم پین کے انسٹاگرام پر صرف تقریباً 4 ہزار 700 فالوورز تھے مگر ایل سکارسو کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کے فالوورز میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا۔ صورتحال یہ رہی کہ ایک وقت میں تقریباً ایک ہزار فالوورز فی منٹ بڑھنے لگے اور جمعے تک ان کے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب ٹم پین کے فالوورز نیوزی لینڈ کے کپتان اور سب سے معروف کھلاڑی کرس ووڈ سے بھی چھ گنا زیادہ ہو چکے ہیں جو انگلش کلب ناٹنگھم فاریسٹ کے لیے کھیلتے ہیں۔
ویلن اسکارسینی نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ ’ورلڈ کپ شروع ہونے میں صرف چند دن باقی ہیں اور ہم سب اپنی اپنی قومی ٹیموں کو سپورٹ کرنے کے لیے پُرجوش ہیں لیکن کیا ہو اگر ایک ایسا کھلاڑی ہو جو پوری دنیا کو متحد کر دے؟ ایک ایسا فٹبالر جسے ہر ملک کے لوگ سپورٹ کریں، چاہے اس کی قومیت کچھ بھی ہو۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے ورلڈ کپ میں شریک تمام قومی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ایک ایک کر کے دیکھا اور آخرکار مجھے وہ کھلاڑی مل گیا۔ گروپ جی میں نیوزی لینڈ کے ٹِم پین واقعی سب سے کم معروف کھلاڑی ہیں۔ ان کے تو 5 ہزار فالوورز بھی نہیں تھے۔‘
ایل سکارسوکے اپنے سوشل میڈیا پر 5 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ’ٹم پین کا نام ہر جگہ لینا شروع کریں۔ ان کے بارے میں ویڈیوز بنائیں، ان کی لیجنڈ کو فروغ دیں۔ اگر آپ کے پاس ورلڈ کپ سٹیکر البم ہے تو ان کے سٹیکر کے ساتھ تصویر پوسٹ کریں۔ ہمارا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے کتنے لوگ ٹم پین کو جاننے لگتے ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر ٹم پین کی مقبولیت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ ان کے حق میں ایک گانا بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے لیے 50 میچ کھیلنے والے پین نے 18 برس کی عمر میں قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔
سپینش زبان میں بنائے گئے اس گانے کے بول کچھ یوں ہیں:’میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں، میں اس کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں، شروع دن سے اس کا مداح ہوں۔ ٹم پین، زندگی بھر تمہارے ساتھ۔ تم بہترین ہو، ہر قدم پر ہم تمہارے ساتھ ہیں۔‘
گانے میں مشہور جملہ ’No Payne, No Gain‘ بھی شامل کیا گیا ہے۔ 
اے لیگ مین میں ویلنگٹن فینکس کی نمائندگی کرنے والے ٹم پین نے جمعے کو اپنی اچانک ملنے والی عالمی شہرت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میں حیران تھا کہ میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اچانک کیوں پھٹ پڑے ہیں، پھر میں نے آپ کی پوسٹ دیکھی۔ محبت اور سپورٹ کا بہت شکریہ، گراسیاس ہیرمانو۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ  ’سب سے پہلے ویلن، میں آپ کا دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ گزشتہ 48 گھنٹے واقعی ناقابل یقین رہے ہیں۔ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور دنیا بھر سے ملنے والی محبت کا بے حد شکر گزار ہوں۔‘
نیوزی لینڈ کی ٹیم تیسری بار فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی ہے۔ اس سے قبل وہ 1982 اور 2010 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے تاہم اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ’آل وائٹس‘ کے نام سے مشہور نیوزی لینڈ کی ٹیم اس بار گروپ جی میں بیلجیئم، ایران اور مصر کے ساتھ شامل ہے۔

شیئر: