Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی نژاد گلوکارہ ایلیانا نے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کا گانا جاری کر دیا

ایلیانا 12 جون کو ٹورنٹو، کینیڈا میں ہونے والی ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گی۔ (فوٹو: عرب نیوز)
فلسطینی نژاد چلی کی گلوکارہ ایلیانا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل گانوں میں سے ایک میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، جو ان کے تیزی سے ابھرتے ہوئے عالمی کیریئر میں ایک اور اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 24  سالہ گلوکارہ ’ایلومینیٹ‘ نامی گانے میں شامل ہیں، جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک کا حصہ ہے۔ اس گانے میں ان کے ساتھ کینیڈین گلوکارہ اور نغمہ نگار جیسی ریز بھی شریک ہیں۔
آر اینڈ بی، عربی دھنوں اور عالمی پاپ موسیقی کے امتزاج پر مبنی ’ایلومینیٹ‘ گانا شناخت، اتحاد اور ثابت قدمی جیسے موضوعات کو اجاگر کرتا ہے۔ اس گانے کو گریمی ایوارڈ یافتہ پروڈیوسر سرکٹ نے تیار کیا ہے، جس میں جیسی ریئز کی روح پرور آواز کو ایلیانا کے منفرد عربی اور لاطینی انداز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
فیفا نے اس گانے کو موسیقی اور کھیل کے ذریعے مختلف ثقافتوں کو جوڑنے کی علامت قرار دیا ہے، جبکہ الیانا کی شمولیت انہیں ان چند عرب فنکاروں میں شامل کرتی ہے جو کسی آفیشل ورلڈ کپ ساؤنڈ ٹریک میں نمایاں طور پر شامل ہوئے ہیں۔
ایلیانا نے اس ہفتے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’پورے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے کے لیے دعاگو ہوں۔ آپ سب ہمیں فخر محسوس کرا رہے ہیں! افتتاحی تقریب میں ملاقات ہوگی۔‘
ایلیانا 12 جون کو ٹورنٹو، کینیڈا میں ہونے والی ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by @jessiereyez

 

ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریبات میزبان ممالک میں تین مختلف شہروں میں منعقد ہوں گی۔ پہلی تقریب 11 جون کو میکسیکو میں ہوگی، جبکہ 12 جون کو ٹورنٹو اورلاس اینجلس میں تقریبات ہوں گی۔
ایلیانا عالمی سطح پر عربی زبان کی موسیقی کے فروغ میں رکاوٹیں توڑنے کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے 2023 میں عالمی توجہ اس وقت حاصل کی جب وہ کوچیلا ویلی میوزک اینڈ آرٹس میں مکمل عربی پرفارمنس دینے والی پہلی فنکار بنیں۔
’ایلومینیٹ‘ فیفا کی جانب سے 2026 ورلڈ کپ سے قبل جاری کیے جانے والے موسیقی منصوبے کا حصہ ہے۔
اس سال جاری ہونے والے دیگر آفیشل گانوں میں شکیر اور برنا بوائے کا ’دائی دائی‘ شامل ہے، جو شکیرا کی 2010 کے مشہور گانے واکا واکا کے بعد ورلڈ کپ موسیقی میں واپسی ہے۔

 

شیئر: