Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی میجر سرجری کامیاب، گھر منتقل

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف  لاہور کے شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں ایک میجر سرجری کے بعد روبصحت ہیں۔ 
سرجری کے بعد انہیں احتیاطی طور پر ایک رات آئی سی یو میں رکھا گیا، جس کے بعد وہ گھر منتقل ہو گئی ہیں۔
پنجاب کی سیینئر وزیر مریم اورنگزیب نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’وزیراعلیٰ مریم نواز شریف صاحبہ کی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں میجر سرجری ہوئی ہے جس کے بعد وہ گھر منتقل ہو گئی ہیں، الحمدللہ۔ عید کے دن وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتال سے صوبے میں سکیورٹی، صفائی سمیت دیگر تمام امور کی براہ راست خود نگرانی کی۔‘
 
شریف میڈیکل سٹی کے سی ای او اور مریم نواز کے معالج ڈاکٹر عدنان خان نے بتایا کہ سرجری منصوبہ بندی کے مطابق کامیاب رہی۔ آپریشن کے بعد احتیاطی طور پر ایک رات آئی سی یو میں رکھا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سرجری کی پیچیدگی کے باعث بیرون ملک علاج کی تجویز دی گئی تھی، تاہم مریم نواز شریف نے لاہور میں ہی علاج کرانے کو ترجیح دی۔ وہ اب صحت یابی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں۔
شریف خاندان کے قریب ذرائع کے مطابق وزیر اعلی مریم نواز  گلے کی شدید تکلیف کے باعث یہ سرجری کی گئی۔ 
اس سے قبل نومبر 2024 میں بھی مریم نواز شریف گلے کے انفیکشن کی وجہ سے اسی ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔  
وزیر اعلیٰ آفس کا کہنا ہے کہ  سرجری کے فوراً بعد عید کے دن مریم نواز شریف نے ہسپتال  اور پھر گھر آ کر  صوبے بھر میں سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامی امور کی نگرانی جاری رکھی۔ اب تک مختلف رہنماؤں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی ہیں۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے فروری 2024 میں یہ عہدہ سنبھالا تھا۔
 

شیئر: