بسنت میں جین زی نے اپنے کلچر کو اپنایا، لاہوریوں کی خوشی دیکھ کر خوش ہوتی رہی: مریم نواز
پیر 9 فروری 2026 15:49
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
مریم نواز نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف صوبوں سے مہمان بسنت دیکھنے آئے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں بسنت کے تین روزہ تہوار کے بعد کہا ہے کہ 25 برس بعد پنجاب کی ثقافت زندہ ہو گئی ہے۔
انہوں پیر کو ایک اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ’بسنت میں سب نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، خصوصاً جین زی نے اپنے کلچر کو اپنایا ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ عوام کی جانب سے بسنت ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا گیا، لاہور کے عوام نے میرے اعتماد کی لاج رکھی۔‘
’میں لاہوریوں کی خوشی دیکھ کر خوش ہوتی رہی، 25 سال بعد مناظر دیکھے کہ ہر چھت پر لوگ تھے، بسنت پنجاب کے کلچر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔‘
مریم نواز نے پنجاب حکومت کے تمام محکموں اور سکیورٹی اداروں کو شاباش دی اور کہا کہ ’ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس بسنت کو محفوظ اور آسانی سے منظم کیا گیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جین زی نے اپنے کلچر کو اپنایا ہے، اپنی تاریخ سے جُڑے ہیں اور اپنے آپ کو دوسروں کی نقل کرنے کی بجائے اپنی روایات کے ساتھ جوڑا ہے۔‘
مریم نواز نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف صوبوں سے مہمان بسنت دیکھنے آئے اور سب نے مل کر خوشیاں منائیں۔ ’ہم نے ایک قوم کے طور پر اپنے اختلافات اور دکھوں کو بھلا کر جشن منایا۔‘
وزیراعلیٰ نے نام لیے بغیر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’عوام نے بدتمیزی، گالی گلوچ اور الزام تراشی کو مسترد کر دیا۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’بسنت نے پنجاب کی ثقافت کو زندہ کیا اور ہمیں یہ دکھایا کہ پاکستان میں امن، بھائی چارہ اور ثقافت زندہ ہے۔ جس نے اس ایونٹ کو مثبت انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔‘
