نیا غلاف کعبہ کلید بردار کے حوالے، یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا
نائب گورنر مکہ مکرمہ نے نیا غلاف کعبہ حوالے کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر اور مرکزی حج کمیٹی کے نائب چئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے جمعے کو نیا غلاف کعبہ (کِسوۃ) کیلد بردار کعبہ کے حوالے کردیا۔
سعودی وزیر حج وعمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور کلید بردار کعبہ کے نائب عبدالمالک بن طہ الشیبی نے دستاویز پر دستخط کیے۔
ایس پی اے کے مطابق نئے اسلامی سال کے آغاز پر یکم محرم کو غلاف کعبہ تبدیل کیا جائے گا۔
اس سے قبل کئی دہائیوں سے غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران 9 ذوالحج کی صبح کو عازمین حج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا۔
کسوہ کی اونچائی 14 میٹر ہے۔ اس کی پٹی 95 سینٹی میٹر چوڑی اور 47 میٹر لمبی ہے، یہ 16 پینلز پر مشتمل ہے۔
کسوہ کی تیاری میں تقریباً 1000 کلو گرام خام ریشم، 120 کلوگرام سونے کے دھاگے اور 100 کلوگرام چاندی کے دھاگے کا استعمال کیا گیا ہے۔
قرآنی آیات اور عربی خطاطی کو سیاہ ریشم پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے کشیدہ کاری کے ذریعے مزین کیا جاتا ہے جو صدیوں سے کعبہ مشرفہ کی تعظیم سے جڑے عظیم اسلامی ورثے کی عکاسی کرتی ہے۔
کنگ عبدالعزیز کسوہ کعبہ کمپلیکس میں غلاف کعبہ ہر سال جدید ٹیکنالوجی اور ماہر سعودی کاریگروں کے ہنر کو یکجا کرکے اعلٰی ترین معیار کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔
