حج سیزن کے دوران وبائی امراض کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا: سعودی وزارت صحت
وزارتِ صحت نے 24 گھنٹے ہنگامی اور علاج کی خدمات فراہم کی گئیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’حج سیزن وبائی امراض یا صحت عامہ کے خطرات کے بغیر ختم ہوا اور حجاج کی صحت مستحکم رہی ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق یہ اعلان حج سیزن کی تمام سطحوں پر مجموعی کامیابی کی سرکاری رپورٹس کے بعد کیا گیا ہے۔
وزیرِ صحت فہد الجلاجل نے کہا کہ یہ کامیابی حجاج کی صحت و سلامتی کے لیے مملکت کی بھرپور توجہ اور دیگر سرکاری اداروں کے تعاون سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی مؤثر تیاری کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب نے بڑے اجتماعات کے دوران عوامی صحت کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری کو سمجھا ہے، عالمی صحت کے چیلنجوں ایبولا اور ہانٹا وائرس کے کیسز کے باوجود حجاج میں متعددی بیماری کا کوئی مشتبہ یا تصدیق شدہ کیس سامنے نہیں آیا۔‘
’اس کامیابی کے پیچھے بروقت تیاری، مسلسل مانیٹرنگ اور مکمل استعداد کارفرما رہی۔ صحت کے شعبے نے عازمینِ حج کو شب و روز احتیاطی، ہنگامی اور طبی سہولیات بلا تعطل فراہم کیں۔‘
وزارت صحت نے قیادت کی سپورٹ، حج حکام، ہیلتھ کیئر ٹیموں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہم آہنگی کو سراہا۔
یاد رہے کہ سعودی ہیلتھ سیکٹر نے حج کے آغاز سے جمعرات تک حجاج کو 12 لاکھ 73 ہزار 380 سے زائد طبی خدمات فراہم کی ہیں۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت یہ مربوط کوششیں معیاری اور قابل رسائی دیکھ بھال کو یقینی بناتی ہیں تاکہ عازمین حج مناسک محفوظ اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔
