انڈیا کا ویتنام کو ’براہموس میزائل‘ فروخت کرنے کا معاہدہ، انڈونیشیا کے ساتھ ڈیل حتمی مرحلے میں
ویتنام کے ساتھ براہموس میزائلوں کے ممکنہ معاہدے کی مالیت قریباً 60 ارب انڈین روپے (629 ملین ڈالر) ہو سکتی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈین سیکریٹری دفاع راجیش کمار سنگھ نے کہا ہے کہ ’انڈیا نے ویتنام کو براہموس میزائلوں کی فراہمی کا معاہدہ کر لیا ہے، جبکہ انڈونیشیا کے ساتھ بھی اسی نوعیت کا معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔‘
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق براہموس ایک سپرسونک کروز میزائل ہے جسے انڈیا اور روس نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔
راجیش کمار سنگھ نے سنیچر کو سنگاپور میں ایشیا کے معروف دفاعی فورم ’شنگری لا ڈائیلاگ‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میری معلومات کے مطابق انڈونیشیا اور ویتنام دونوں کے ساتھ معاہدے آخری مراحل میں ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’انڈیا، آسیان ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کا عزم رکھتا ہے،‘ تاہم انہوں نے براہموس میزائلوں سے متعلق معاہدوں کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
انڈیا گذشتہ چند برسوں سے مقامی دفاعی صنعت کو فروغ دے رہا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنی فوجی ضروریات پوری کر سکے بلکہ دفاعی برآمدات میں بھی اضافہ کرے۔ واضح رہے کہ انڈیا اس سے قبل فلپائن کو بھی براہموس میزائل فروخت کر چکا ہے۔
روئٹرز کے مطابق ’ویتنام کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی مالیت قریباً 60 ارب انڈین روپے (629 ملین ڈالر) ہو سکتی ہے، جس میں عملے کی تربیت اور لاجسٹک سپورٹ بھی شامل ہے۔‘
انڈین سیکریٹری دفاع کے مطابق ’انڈونیشیا کے ساتھ براہموس میزائلوں کی خریداری کا معاملہ حتمی مراحل میں ہے۔‘
اس سے قبل مارچ 2026 میں انڈونیشیا بھی انڈیا کے ساتھ براہموس میزائلوں کی خریداری کے ابتدائی معاہدے کی تصدیق کر چکا ہے۔
