Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ نے انڈیا کو جیولن اینٹی ٹینک میزائل اور ایکسکیلیبر پروجیکٹائلز کی فروخت کی منظوری دے دی

امریکی دفاعی ساز و سامان کی یہ خریداری واشنگٹن کے فارن ملٹری سیلز پروگرام کے تحت انڈیا کی پہلی ڈیل ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (ڈی ایس سی اے) نے بدھ کو کہا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے انڈیا کو جیولن اینٹی ٹینک میزائل سسٹم اور ایکسکیلیبر گائیڈڈ آرٹلری گولہ بارود کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جن کی مجموعی مالیت نو کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی دفاعی ساز و سامان کی یہ خریداری واشنگٹن کے فارن ملٹری سیلز پروگرام کے تحت انڈیا کی پہلی ڈیل ہے، جو رواں برس اگست میں دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات کے بعد ہوئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا کی روسی تیل کی خریداری کے ردعمل میں انڈین مصنوعات پر ٹیکس دوگنا کر کے 50 فیصد کر دیا تھا۔
یہ پیش رفت اسی ماہ جنرل الیکٹرک کے لڑاکا طیاروں کے انجنوں کے دوبارہ آرڈر کے بعد سامنے آئی ہے، جو انڈیا کے مقامی طور پر تیار کردہ تیجس جنگی طیاروں میں استعمال ہوں گے۔
ڈی ایس سی اے نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ مجوزہ فروخت امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی۔ اس سے امریکہ اور انڈیا کے سٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہوں گے، اور ایک اہم دفاعی شراکت دار کے تحفظ میں اضافہ ہو گا، جو انڈو پیسیفک اور جنوبی ایشیا میں سیاسی استحکام، امن اور معاشی ترقی کی ایک طاقت ور قوت ہے۔‘
ڈی ایس سی اے کے مطابق انڈین حکومت نے 216 ایکسکیلیبر ٹیکٹیکل پروجیکٹائلز اور 100 جیولن سسٹمز خریدنے کی درخواست کی تھی۔ انڈیا پہلے ہی اپنے ایم-777 ہووٹزر گن سسٹمز میں ایکسکیلیبر آرٹلری گولہ بارود استعمال کرتا ہے۔
ایجنسی کے مطابق اس فروخت کے لیے بنیادی ٹھیکے دار آر ٹی ایکس کارپوریشن ایکسکیلیبر پروجیکٹائلز فراہم کرے گا، جبکہ جیولن سسٹمز کے لیے اس کی لاک ہیڈ مارٹن کے ساتھ کی گئی مشترکہ شراکت داری ہو گی۔

 

شیئر: