Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن کی کامیابی، عالمی ادارہ صحت سعودی عرب کی کوششوں کا معترف

عالمی ادارے کے سربراہ نے حج سیزن کی کامیابی پر مملکت کو مبارکباد دی ( فوٹو: ایس پی اے)
عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے عالمی صحت کے چیلنجوں اور وبائی امراض کے خطرے کے درمیان دنیا کے سب سے بڑے انسانی اجتماعات میں سے ایک کے کامیاب انتظام پر سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے سعودی وزارت صحت کے اس اعلان کا بھی خیرمقدم کیا کہ حج سیزن 2026 وبائی امراض یا صحت عامہ کے خطرات کے بغیر ختم ہوا اور حجاج کی صحت مستحکم رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہا نوم گیبرس نے حج سیزن کی کامیابی پر سعودی عرب کو مبارکباد دی اور ان ہیلتھ کیئر ورکرز کی خدمات کو سراہا، جن کی کوششوں نے ایک محفوظ اور صحت مند حج سیزن کو ممکن بنایا ہے۔
انہوں نے کہا ’یہ کامیابی بڑے عوامی اجتماعات کی صحت سے متعلق ضروریات کو اعلی ترین معیار کے مطابق سنبھالنےکی مملکت کی صلاحیت پر بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی ہے۔‘
عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلقی نے بھی کامیاب حج سیزن پر مملکت کو مبارکباد دی اور حجاج کو فراہم کی جانے والی ایڈوانس صحت تیاریوں کی تعریف کی۔

انہوں نے جدید میڈیکل ٹیکنالوجی، جن میں روبورٹس اور ڈرونز شامل ہیں، کے استعمال، صحت خدمات کی فراہمی اور حج سیزن کے دوران حجاج کی صحت کی مسلسل نگرانی کو اجاگر کیا۔
قبل ازیں وزیرِ صحت فہد الجلاجل نے اعلان کیا تھا کہ حج سیزن وبائی امراض سے پاک رہا ہے۔
سعودی عرب نے بڑے اجتماعات کے دوران عوامی صحت کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری کو سمجھا ہے، عالمی صحت کے چیلنجوں ایبولا اور ہانٹا وائرس کے کیسز کے باوجود حجاج میں متعددی بیماری کا کوئی مشتبہ یا تصدیق شدہ کیس سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ سعودی ہیلتھ سیکٹر نے حج کے آغاز سے جمعرات تک حجاج کو 12 لاکھ 73 ہزار 380 سے زائد طبی خدمات فراہم کی ہیں۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت یہ مربوط کوششیں معیاری اور قابل رسائی دیکھ بھال کو یقینی بناتی ہیں تاکہ عازمین حج  مناسک محفوظ اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔

 

شیئر: