تمام عازمین حج کے لیے گردن توڑ بخار کی ویکسین لگوانا لازمی
سعودی وزیر صحت کا کہنا ہے بعض ملکوں کے لیے مخصوص ویکسین ہیں (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا ہے کہ ’وزارت صحت عالمی وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض ممالک میں امورِ صحت کو دیکھتے ہوئے خصوصی ہدایات جاری کرتی ہے۔‘
’اس کا مقصد عازمین کی صحت کا تحفظ اور انفیکشن کو پھیلنے سے روکنا ہوتا ہے، اس کےلیے ویکسین لگانے کی ہدایت دی جاتی ہے۔‘
الاخباریہ کے مطابق جدہ میں حج وعمرہ کانفرنس و نمائش کے پانچویں ایڈیشن کے مذاکراتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت کا کہنا تھا ’صحت اتھارٹی کے تعاون سے عالمی سطح پر پھیلنے والے وبائی امراض پر مسلسل نظر رکھتے ہوئے حفظان صحت سے متعلق نئی شرائط کے بارے میں مطلع کیا جاتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا’ بعض ملکوں کے لیے مخصوص ویکسین ہیں جبکہ تمام عازمین کے لیے گردن توڑ بخار کی ویکسین لگوانا لازمی ہوتا ہے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ’ عازمین کی صحت کے حوالے سے معیار کا تعین چار برس قبل مرحلہ وار شروع کیا تھا جسے اب حج ویزے سے مشروط کردیا گیا ہے اس کا مقصد حجاج کومناسک حج کی ادائیگی کے لیے محفوظ سہولت فراہم کرنا ہے۔‘
گزشتہ حج کے حوالے سے انہوں نے بتایا’ گزشتہ برس صحت کے حوالے سے حج سیزن مثالی رہا جس میں ہیٹ سٹروک کے کیسز میں نمایاں کمی ہوئی جبکہ گراوڈ کنٹرولنگ کے امور بھی بہترطور پر انجام دیے گئے۔‘
