طائف ایک سیاحتی اور ثقافتی منزل، کمشنر کا تاریخی ڈسٹرکٹ کا دورہ
کمشنر کو عمارتوں کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
طائف کے کمشنر شہزادہ فواز بن سلطان بن عبدالعزیز نے تاریخی ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ورثے کے لینڈ مارک اور ثقافتی مقامات کا جائزہ لیا جو طائف کی تاریخ اور تہذیبی میراث کی عکاسی کرتے ہیں۔
دورے کے دوران انہوں نے متعدد تاریخی مکانات، دستکاری کی دکانوں، چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے خاندانوں کے سٹالز، قدیم بازار اور شہد کے سٹورز کا دورہ کیا۔
انہوں نے وہاں موجود روایتی مصنوعات کا مشاہدہ کیا جو کمشنری کے ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتی ہیں۔
کشمنر طائف کو وزیٹرز کو فراہم کی جانے والی خدمات اور تاریخی عمارتوں کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ان تاریخی عمارتوں نے علاقے کے آرکیٹیکچرل کیریکٹر کو برقرار رکھنے اور سیاحوں کو متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

کمشنر طائف نے تاریخی اور ورثے کے مقامات کی دیکھ بھال، ان مقامات کو ترقی دینے، ثقافتی و سیاحتی سرمایہ کاری کی کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ طائف کی پوزیشن ایک سیاحتی اور ثقافتی منزل کے طور پر نمایاں ہو سکے۔

اس کے ساتھ سعودی عرب کے اندر اور بیرونِ مملکت سے آنے والے وزیٹرز کے تجربات کو تقویت مل سکے۔
واضح رہے کہ طائف، مکہ مکرمہ کے مشرقی سمت کا گیٹ وے ہے۔ یہ شاہراہ عہد رفتہ میں حج اور تجارتی قافلوں کے لیے انتہائی اہم مانی جاتی تھی۔