Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی مہمانوں نے مدینہ منورہ میں کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس کا دورہ کیا

 104 ممالک سے ڈھائی ہزار افراد نے شاہی ضیافت میں حج ادا کیا ہے۔(فوٹو: اے ایس پی اے)
ضیوف خادم حرمین شریفین پروگرام برائے حج و عمرہ کے مہمانوں نے پیر کو ثقافتی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مدینہ منورہ میں کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس کا دورہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس سال پاکستان سمیت 104 ممالک سے ڈھائی ہزار افراد نے شاہی ضیافت میں فریضۂ حج ادا کیا ہے۔
شاہی مہمانوں کو پرنٹنگ کمپلیکس کی جامع کوششوں سے متعارف کرایا گیا جو قرآن کریم کی خدمت کے لیے کی جا رہی ہیں، جس میں طباعت، اشاعت، ترجمہ اور عالمی سطح پر مسلمانوں میں تقسیم شامل ہے۔
مہمانوں نے ایک پریزنٹیشن میں شرکت کی، جس میں کنگ فہد کمپلیکس کی تاریخ اور قرآن کریم کی خدمت کے حوالے سے نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔
دورے کے اختتام پر مہمانوں کو قرآن کریم کے نسخے اور متعدد زبانوں میں تراجم تحفے کے طور پر پیش کیے گئے۔ 

شاہی مہمان، مدینہ منورہ میں قیام کے دوران مسجد نبوی میں نمازوں کی ادائیگی کے علاوہ متعدد تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کریں گے۔
مہمانوں نے کمپلیکس کے دورے کے دوران جدید ٹیکنالوجی، سخت کنٹرول کے اقدامات اور غیر معمولی درستگی کی تعریف کی۔
انہوں نے سعودی قیادت کی جانب سے  قرآن کریم کی طباعت اور ترجمے کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں مسلسل سپورٹ کی بھی تعریف کی۔

واضح رہےکہ کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلکس  میں سالانہ دو کروڑ نسخے تیار کیے جاتے ہیں۔
کمپلیکس میں قرآن پاک کا 76 زبانوں میں ترجمہ اور خصوصی ایپلی کیشنز تیار کی گئی ہیں جو مسلمانوں کو قرآن پڑھنے اور سمارٹ فونز پر مختلف ملکوں کے افراد کو قرآن سننے کے قابل بناتی ہیں۔

 

شیئر: