Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف: الشفا کی سرسبز وادیوں اور بلند چوٹیوں نے سیاحوں کو مسحور کر دیا

وادیوں اور پہاڑی ڈھلوانوں پر پھیلے کھیت دلکش منظر پیش کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ ریجن کی طائف کمشنری کا پہاڑی علاقہ الشفا ہر سال موسم گرما میں سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔
یہ علاقہ اپنی متعدل آب و ہوا اور دلکش پہاڑی مناظر کی وجہ سے مملکت کی نمایاں سیاحتی مقامات میں شامل ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس علاقے میں بلند و بالا پہاڑ، قدرتی جنگلات، گہری وادیاں اور پہاڑی ڈھلوانوں پر پھیلے کھیت دلکش منظر پیش کرتے ہیں۔
الشفا کا علاقہ مختلف موسمی پھلوں کی پیداوار کے لیے بھی معروف ہے جن میں خوبانی، آڑو، آلو بخارا، انار اور انگور نمایاں ہیں۔ موسم گرما میں باغات پکے پھلوں سے لد جاتے ہیں جو وزیٹرز کو مقامی کاشتکاری کی روایات کے بارے میں جاننے اور پہاڑوں کے درمیان تازہ پھل چننے کے یادگار تجربے سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔

ٹورسٹ گائیڈ محمد الثقفی کا کہنا ہے کہ ’الشفا کو السروات پہاڑ کی چوٹیوں پر واقع ہونے کی وجہ سے منفرد جغرافیائی اہمیت حاصل ہے۔ یہاں سے وسیع میدانوں اور وادیوں کے خوبصورت نظارے دکھائی دیتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عقبہ روڈ نے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ یہ پہاڑی مقامات کو تہامہ، مکہ مکرمہ اور جدہ سمیت ملحقہ علاقوں سے جوڑتی ہے۔‘

’الشفا میں متعدد پارکس، تفریحی مقامات، کیفے، ریزورٹس اور سیاحتی سہولتیں موجود ہیں جنہوں نے تفریحی سرگرمیوں کے انتخاب کو مزید متنوع بنا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ الشفا، فیملیز، پہاڑی سیاحت کے شوقین اور مہم جو افراد کے لیے ایک مثالی مقام بن چکا ہے۔
الشفا، ماحولیاتی تنوع اور منفرد جنگلی حیات سے بھی مالا مال ہے۔ اس کے پہاڑوں اور وادیوں میں پرندوں اور جنگلی جانوروں کی مختلف اقسام قدرتی ماحول میں پروان چڑھتی ہیں جو علاقے کی ماحولیاتی اور سیاحتی اہمیت کو مزید بڑھاتی ہیں۔

 

شیئر: