جازان میں کافی کے سیڑھی دار باغات، سیاحوں کے لیے باعثِ کشش
جازان میں کافی کے سیڑھی دار باغات، سیاحوں کے لیے باعثِ کشش
ہفتہ 25 اپریل 2026 0:03
جازان میں موجود کافی کے باغات اب سیاحتی مقامات کے طور پر بھی مقبول ہو رہے ہیں۔ پہاڑی علاقے میں پھیلے ہوئے یہ باغات دیہی ترقی کا بنیادی ستون بھی مانے جاتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق جازان میں پائے جانے والے کافی کے باغات میں آنے والے سیاحوں کو ایسے انٹرایکٹیو تجربات فراہم کیے جاتے ہیں جن میں کافی کی کاشت کے طریقوں سے آگاہی، فصل کی کٹائی میں شرکت اور روایتی انداز میں کافی کی تیاری کا مشاہدہ شامل ہے۔
یہ سب کچھ قدرتی حسن سے مالا مال ماحول، سیڑھی دار کھیتوں اور دلکش پہاڑی مناظر کے درمیان سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہوتے ہیں۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے دیہی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جدید اور تخلیقی طریقے متعارف کرائے گئے ہیں جن میں باغات کے اندر خصوصی راستوں کا قیام بھی شامل ہیں۔
یہاں آنے والے سیاح بیج کی کاشت سے لے کر کافی کا ذائقہ چکھنے تک کا مکمل سفر دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پینورامک مناظر اور دیہی طرزِ حیات کے مثالی تجربے سے بھی گزرتے ہیں۔
سیاحوں کو کافی کی کاشت سے تیاری تک تمام مراحل سے آگاہ کیا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ان اقدامات کے تحت خصوصی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جہاں کافی کو بھوننے اور تیار کرنے کے فن سے بھی سیاحوں کو آگاہ کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ باغات کی تاریخ، پیداوار اور دیگر معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کے ریجنل دفتر کی جانب سے کسانوں اور متعلقہ اداروں کے اشتراک سے ماڈل باغات و فارمز کی ترقی، پیداوار اور سیاحتی استعداد میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ، کسانوں کی تربیت اور مصنوعات کے معیار میں بہتری جیسے اقدامات کیے گئے ہیں جن کی وجہ سے کافی کے باغات معاشی اور ثقافتی و سیاحتی مرکز کے طور پر مزید پرکشش بن گئے ہیں۔
کافی کے باغات میں سیاحوں کے لیے خصوصی راستے بھی بنائے گئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
ریجن میں پائے جانے والے ان باغات سے وابستہ سماجی سرگرمیاں سیاحوں کے لیے ایک اضافی کشش کا باعث بن رہی ہیں جو پہاڑی طرز زندگی اور مقامی ثقافت کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ یہ تمام عوامل مل کر زراعت اور سیاحت کے درمیان ایک مربوط نظام کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزارت ماحولیات، پانی و زراعت اور ریف السعودیہ پروگرام کے اشتراک سے کیے جانے والے اقدامات کے تحت علاقے کی خصوصیات کو اجاگر کرنے پر توجہ دی جاری ہے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے۔