Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل اور لبنان کا دوبارہ جنگ بندی اور جنوبی علاقوں میں سکیورٹی زون بنانے پر اتفاق

لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی ڈرون حملوں میں جنوبی لبنان میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل اور لبنان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ جنگ بندی کو دوبارہ قائم کریں گے اور جنوبی لبنان میں چند پائلٹ سکیورٹی زونز قائم کریں گے جہاں حزب اللہ کے جنگجوؤں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
خبر رساں ایجنسیوں اے ایف پی اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطباق امریکی وزارتِ خارجہ میں چوتھے دور کی مذاکراتی نشست کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ جنگ بندی حزب اللہ کے حملوں کے مکمل خاتمے اور اس کے جنگجوؤں کے دریائے لیتانی کے جنوب سے انخلا پر منحصر ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’امریکہ کی رہنمائی میں دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پائلٹ زونز جلد قائم کیے جائیں گے جہاں لبنانی فوج کو مکمل کنٹرول حاصل ہوگا اور کسی غیر ریاستی گروہ کو اجازت نہیں ہوگی۔‘
یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر امن اور سکیورٹی انتظامات کی راہ ہموار کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق کہ ’یہ اقدامات ایک جامع امن اور سکیورٹی معاہدے کی طرف پیش رفت کو ممکن بنائیں گے۔ تمام ممالک نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیل اور لبنان کے تعلقات کا مستقبل صرف دونوں خودمختار حکومتوں کے فیصلے سے طے ہوگا۔ انہوں نے کسی بھی ریاست یا غیر ریاستی گروہ کی جانب سے لبنان کے مستقبل کو یرغمال بنانے کی کوشش کو مسترد کر دیا۔‘
یہ اشارہ ایران کی طرف تھا جو حزب اللہ کا بڑا حمایتی ہے۔ تہران کا اصرار ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خاتمے کو بھی شامل کیا جائے۔ حزب اللہ اسرائیل-لبنان مذاکرات میں شریک نہیں ہے۔
اسرائیل اور لبنان نے اس سے قبل اپریل میں جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا جسے مئی میں بڑھایا گیا، لیکن لڑائی جاری رہی۔ حالیہ امریکی ثالثی کے بعد اسرائیل نے بیروت کے حزب اللہ کے زیرِ کنٹرول جنوبی علاقوں پر حملے مؤخر کیے جبکہ حزب اللہ نے سرحد پار حملے روک دیے۔

دونوں فریقین نے براہِ راست سیاسی اور سیکیورٹی مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

تاہم بدھ کو تشدد جاری رہا۔ لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی ڈرون حملوں میں جنوبی لبنان میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے اور خالدہ میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل نے کہا کہ اس نے لبنان سے لانچ کیے گئے ایک دشمن طیارے کو روک لیا لیکن فوری طور پر اسے حزب اللہ سے منسوب نہیں کیا۔
دونوں فریقین نے براہِ راست سیاسی اور سیکیورٹی مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ 22 جون کو دوبارہ ملاقات کریں گے تاکہ اعتماد سازی اور باقی تنازعات کو حل کیا جا سکے۔

 

شیئر: