Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار نے مارکو ربیو کے ساتھ کوئی انٹلیجنس شئیر نہیں کی: ترجمان دفترِ خارجہ

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق 8 عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیزی پر مشترکہ بیان جاری کیا (فائل فوٹو: اے پی پی)
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں ایک صحافی کے سوال کے جواب میں یہ واضح کیا کہ وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو ربیو کے ساتھ ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق کوئی انٹلیجنس شئیر نہیں کی، اور ہم اس طرح کی خبروں کی تردید کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے، جبکہ مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ امریکہ کے دورے سے واپسی پر اسحاق ڈار کا مصر کے وزیر خارجہ اور بعدازاں کویت کی قیادت سے رابطہ ہوا، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ ہوا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا سرکاری دورہ کیا، جس میں وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے بعد امریکہ کا دورہ کیا، جہاں اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی مصروفیات میں شرکت کی اور سائیڈ لائنز پر متعدد ہم منصبوں، عالمی رہنماوں اور یو این حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران نائب وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبرو سے بھی ملاقات کی جنہوں نے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ 8 عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مسجد الاقصیٰ میں اشتعال انگیزی پر مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
انہوں نے بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نے کہا کہ بھارت نے چناب بیاس لنک ٹنل کے حوالے سے ٹینڈر طلب کئے ہیں، یہ سندھ طاس معاہدے اور جنیوا آبی کنونشن سمیت دیگر عالمی آبی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ بھارت نے پاکستان کو ان آبی منصوبوں کی رسمی طور پر کوئی اطلاع نہیں دی۔
ترجمان کے مطابق بھارت ایک مرتبہ پھر پانی کو اسحلے کے طور پر استعمال کررہا ہے۔ پاکستان کی خوراک یا پانی کے تحفظ کے خلاف غیرقانونی کوششوں کو قبول نہیں کیا جائے گا، جبکہ پاکستان اس باب میں تمام جوابی آپشن استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ترجمان طاہر اندرابی نے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ اچھا ڈائیلاگ رہا، پاکستان انسانی حقوق کے شعبے میں مثبت پیش رفت کر رہا ہے، اور انسانی حقوق سے متعلق ہم اپنی رپورٹس متعلقہ اداروں کو باقاعدگی سے جمع کرواتے ہیں۔
انہوں نے افغانستان سے متعلق یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی کے ریمارکس پر کہا کہ یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی کے ساتھ ڈائیلاگ میں افغانستان کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ یورپی یونین ہماری پوزیشن سمجھ رہا ہے، جبکہ ہماری مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی پاکستان کے حقِ دفاع کی بات شامل تھی۔

شیئر: