Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان میں مینگرووز کے جنگلات کے درمیان پانیوں میں رقص کرتے فلیمینگوز

مینگرووز اورفلیمینگوز ساحل پر ہمیشہ خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
طلوعِ سحر کی ابتدائی ساعتوں کے ساتھ جب شفق کی کرنیں نویدِ صبح دے رہی ہوتی ہیں تو ایسے میں جازان کے ساحلوں پر موجود مینگرووz کے درختوں کے سائے پانی کی سطح پر اپنا عکس بناتے ہیں۔
ان سایوں کے ساتھ قریب ہی فلیمینگو کے جُھنڈ خوراک کی تلاش میں اترتے ہیں۔ یہ دلکش منظر جازان کے منفرد حیاتیاتی تنوع اور فطری حسن کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ساحل کے نیلگوں پانیوں میں گلابی رنگ کے فلیمینگوز، مینگرووز کے جال دار تنوں کے درمیان دکھائی دیتے ہیں۔
یہ پرندے اپنی چونچیں پانی میں ڈبو کر خوراک تلاش کرتے ہیں جبکہ مینگرووز کی شاخیں پانی کی سطح پر جھکی ہوئی ایک ایسا قدرتی منظر پیش کرتی ہیں جو زندگی، حرکت اور حسن سے بھرپور نظر آتا ہے۔
فلیمینگوز محض ایک ہجرت کرکے آنے والا پرندہ نہیں اور نہ ہی مینگرووز صرف ساحلی درخت ہیں بلکہ دونوں مل کر ایک ایسی مشترکہ کہانی بیان کرتے ہیں جسے قدرت روزانہ نئے رنگوں سے سجاتی ہے۔
مینگرووز کی جڑیں آبی حیات کے تحفظ کا ذریعہ بنتی ہیں جبکہ فلیمینگوز کے گلابی پر ساحلی افق پر زندگی کے حسن کو بکھیر دیتے ہیں۔

جازان کے ساحل کے مختلف مقامات پر ان پرندوں کے جھنڈ دیکھے جاسکتے ہیں جہاں مینگرووز کے وسیع جنگلات چھوٹے آبی جانداروں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرتے ہیں۔
یہی حیاتیاتی وسائل ان فلیمینگوز کی خوراک کا بنیادی ذریعہ ہوتے ہیں جس کے باعث یہ پرندے اپنی موسمی نقل مکانی یا ہجرت کے دوران ان علاقوں کو اپنے لیے منتخب کرتے ہیں۔
یہ پرندے اپنے منفرد اندازِ خوراک کے لیے بھی مشہور ہیں۔ یہ پانی کو فلٹر کرکے اس میں موجود ننھے جانداروں اور کائی کو حاصل کرتے ہیں جو مینگرووز کی جڑوں کے اطراف میں موجود مرطوب ماحول میں وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ سے کہ جازان کے ساحل ان خوبصورت پرندوں کے لیے ایک اہم قدرتی پڑاؤ کی حیثیت رکھتے ہیں۔

جازان میں اس قیمتی ماحولیاتی ورثے کے تحفظ کے لیے مینگرووز کے درختوں کو لگانا اور متاثرہ ساحلی علاقوں کی بحالی کے حوالے سے متعدد اقدامات جاری ہیں۔
ان پروگراموں کا مقصد ساحلی سبز رقبے میں اضافہ، ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینا اور مقامی آبادی میں ماحول دوست شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شجر کاری اقدامات اور ساحلی تحفظ کے منصوبوں میں عوامی شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں جس میں ماحول کے تحفظ، قدرتی وسائل کی پائیدار ترقی اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے تاکہ ماحولیاتی توازن اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
خیال رہے جازان کا علاقہ پرندوں کے مشاہدے کے شوقین افراد کے لیے بھی ایک مثالی مقام بن چکا ہے جہاں فلیمینگوز کے بڑے جھنڈ نہایت دلکش مناظر پیش کرتے ہیں۔

یہ نظارے نہ صرف سیاحتی کشش میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ پرندوں کی ہجرت اور ان کے طرز زندگی پر سائنسی تحقیق کے حوالے سے بھی اہم ہیں۔
مینگرووز کے جنگلات اور فلیمینگو جازان میں ساحلی ماحولیاتی توازن کی دو نمایاں مثالیں ہیں جو قدرتی نظام کی پائیداری اور اس کے معاشی و سیاحتی فوائد کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔ یہی قدرتی سرمایہ مستقبل میں ماحولیاتی سیاحت اور سبز معیشت کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

شیئر: