افریقی گرے ہارن بِل، جازان کے بھرپور حیاتیاتی تنوع کی عکاس
سعودی عرب میں جازان ریجن اپنے بھر پور قدرتی وسائل اور حیاتیاتی تنوع کے لیے غیر معمولی شہرت کا حامل ہے۔
ساحلوں علاقہ، وادیوں اور بلند پہاڑوں سے یہ خطہ مالا مال ہے جو متنوع ماحولیاتی نظام متعدد جنگلی حیات کی انواع کے لیے ساز گار ماحول فراہم کرتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سازگار ماحول کی بدولت یہاں افریقی گرے ہارن بِل پایا جاتا ہے جسے مقامی زبان میں ’ابومعول‘ کہا جاتا ہے جو مملکت کے جنوب مغربی حصے میں پائے جانے والے نمایاں پرندوں میں سے ایک ہے۔
یہ پرندہ اپنے بھورے مائل سرمئی پروں، لمبی خم دار چونچ اور درمیانی جسامت کی دم کے باعث آسانی سے پہچانا جاتا ہے۔ یہ خصوصیات اسے اس کے قدرتی مسکن میں آسانی سے قابل شناخت بناتی ہیں۔
یہ پرندہ عموماً ایسے علاقوں میں رہائش اختیار کرتا ہے جہاں درخت فاصلے پر ہوتے ہیں۔

خاص طور پر ببول کے جنگلات، وادیوں اور موسمی بارش کے بعد اگنے والے سبزے والے مقامات اسے پسند ہوتے ہیں جہاں اسے گھونسلہ بنانے میں آسانی ہوتی ہے۔ اسے خوراک کے لیے بھی کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
یہ پرندہ جازان کے مختلف مقامات کے علاوہ عسیر کے بعض حصوں میں بھی پایا جاتا ہے۔ اس کی بنیادی خوراک میں مختلف اقسام کے حشرات ہیں جن میں بھنورے، ٹڈیاں اور سنڈیاں وغیرہ شامل ہیں۔
اس کی اہم خاصیت یہ ہے کہ وہ نقصان دہ حشرات کی تعداد کو محدود کرنے اور جنگلی پودوں کے بیجوں کو پھیلانے میں مدد دے کر ایک اہم ماحولیاتی کردار ادا کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جازان کے قدرتی ماحول میں اس پرندے کی موجودگی اس بات کی علامت ہے کہ یہاں اسے معیاری اور اس کی فطرت کے مطابق ماحول میسر ہے۔
جازان کا شمار مملکت کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو قدرتی ماحول کے اعتبار سے سب سے زیادہ متنوع مانے جاتے ہیں۔ ایک ہی جغرافیائی دائرے میں ساحلی، پہاڑی اور وادیوں پر مشتمل مختلف قسم کے ماحول موجود ہونے کے باعث یہ علاقہ ماحولیاتی اور سائنسی اعتبار سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

یہ ریجن جنگلی حیات کے ریسرچرز اور پرندوں کے مشاہدے کے شوقین افراد کے لیے ایک پرکشش منزل بھی ہے۔
یہ تمام اقدامات حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ماحولیاتی پائیداری کے فروغ، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو مضبوط بنانے کے لیے جاری قومی کوششوں کا حصہ ہے۔
