پائیدار ترقی: ریاض کے کنگ سلمان پارک کے لیے عالمی ایوارڈ
یہ منصوبہ دارالحکومت کے قلب میں شہری نخلستان کی حیثیت رکھتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض کے کنگ سلمان پارک نے ورلڈ پرکس ڈی ایکسیلنس ایوارڈز 2026 میں پائیدار ترقی منصوبوں کی کیٹیگری میں انٹرنیشنل ریئل سٹیٹ فیڈریشن کا سلور ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کنگ سلمان پارک میں وسائل کے موثر استعمال، حیاتیاتی تنوع کی سپورٹ اور ماحولیاتی اثرات میں کمی کے لیے جدید اور موثر طریقہ کار کو اپنایا گیا۔
اس کے ساتھ پارک ایک صحت مند، جامع اور متوازن شہری ماحول فراہم کرنے پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
یہ کوششیں ماحولیاتی، سماجی اور گورننس کے معیار ’ای ایس جی‘ پر مبنی ہیں، جو سعودی وژن 2030، سعودی گرین انیشیٹیو اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
کنگ سلمان پارک ان خصوصیات کے باعث ایک ایسے عالمی شہری منصوبے کی مثال بن کر ابھرا ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے دیرپا اور مثبت اثرات مرتب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے شہری پارکوں میں سے ایک، کنگ سلمان پارک ایک تاریخی منصوبہ ہے، جو ریاض کے شہری شناخت اور منظر نامے کو نئی شکل دیتا ہے۔
یہ منصوبہ دارالحکومت کے قلب میں ایک سرسبز اور متحرک شہری نخلستان کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں فطرت، ثقافت، کھیل اور فنون کو ایک پائیدار شہری ماحول میں یکجا کیا گیا ہے۔
کنگ سلمان پارک کا مقصد لوگوں کی معیارزندگی کو بلند کرنا، حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینا، شہر کے رہنے والوں اور سیاحوں کے لیے ایک مثالی تفریحی اور ثقافتی مرکز فراہم کرنا ہے۔
