سعودی وزیرخارجہ سے اسحاق ڈار کا رابطہ، خطے کی موجودہ صورتحال پر اظہار تشویش
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اتوار کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ اور بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور موجودہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، خصوصاً ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کے تناظر میں سفارت کاری اور مکالمے کو فروغ دیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ باہمی طور پر مناسب تاریخ پر جلد پاکستان آنا چاہتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ جلد ممکن ہوگا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے سعودی عرب میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر دلی تعزیت کا اظہار کیا، جس میں 14 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
