اسحاق ڈار کا بحرین کے وزیر خارجہ سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اتوار کو بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کے بعد خطے کی تازہ اور بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر مبارکباد دی اور فریقین کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔
ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے یہ بھی بتایا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ جنگ بندی کے حصول کے لیے کی گئی کوششوں پر وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورس (CDF) کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کر سکیں۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
