ایشیا پیسیفک آرٹیفیشل انٹیلی جنس اولمپیاڈ میں سعودی طلبہ نے چھ ایوارڈ جیتے
مملکت کی اس ابھرتے ہوئے بین الاقوامی مقابلے میں پہلی شرکت ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی طلبہ کی ٹیم نے ایشیا پیسیفک آرٹیفیشل انٹیلی جنس اولمپیاڈ 2026 کے پہلے ایڈیشن میں چھ ایوارڈ جیتے ہیں۔ ایک گولڈ، تین سلور اور دو تعریفی اسناد حاصل کیں۔
ایس پی اے کے مطابق چین میں منعقدہ اولمپیاڈ میں 18 ملکوں کے 129 طلبہ نے شرکت کی۔ مملکت کی اس ابھرتے ہوئے بین الاقوامی مقابلے میں پہلی شرکت ہے۔
جدہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے قصی عماد جاد اللہ نے گولڈ میڈل، ریاض ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے لیث سوید الزھرانی، جدہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے یوسف فرید الخلاوی اور الشرقیہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے علی ایمن الخبار نے سلور میڈل حاصل کیا۔
الشرقیہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے رائد حسن طیب اور ریاض ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حماد محمد الکلبانی نے تعریفی اسناد حاصل کیں۔
سعودی طلبہ کی ٹیم نے کنگ عبدالعزیز اینڈ ہز کیمپینین فاؤنڈیشن فار گفٹڈنیس اینڈ کری ایٹیویٹی کی نگرانی میں وزارت تعلیم اور کاوسٹ اکیڈمی کے اشتراک سے اس میں شرکت کی۔

یہ شرکت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سعودی طلبہ کی مضبوط موجودگی کے ساتھ مصنوعی ذہانت اور مستقبل کی ٹیکنالوجی میں مہارت رکھنے والے ینگ نیشنل ٹیلنٹ میں مسلسل سرمایہ کاری کی عکاسی کرتی ہے۔
