یورپین فزکس اولمپیاڈ 2026: سعودی طلبہ نے تین بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کیے
اولمپیاڈ سویڈن کے شہر گوتھنبرگ میں 12 سے 16 جون تک جاری رہا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب نے 10 ویں یورپین فزکس اولمپیاڈ 2026 میں تین بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اولمپیاڈ سویڈن کے شہر گوتھنبرگ میں 12 سے 16 جون تک جاری رہا۔ 40 ملکوں کے 200 طلبہ نے شرکت کی۔
ہائی سکول کے پانچ طلبہ پر مشتمل ٹیم نے اولمپیاڈ میں مملکت کی نمائندگی کی۔ ریاض ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے طالبعلم حسین الصالح نے براونز میڈل جیتا جبکہ الشرقیہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے عبدالرحمن العرفج اور محمد محمود الرمل نے تعریفی اسناد حاصل کیں۔
ان طلبہ کا انتخاب، موھبہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ پروگرام کے ذریعے کنگ عبدالعزیز اینڈ ہز کمپینینز فاؤنڈیشن فار گفٹڈ اینڈ کری ایٹیویٹی (موھبہ) اور وزارت تعلیم کی شراکت داری سے کیا گیا تھا۔
اولمپیاڈ میں حصہ لینے والے طلبہ سال بھر تربیتی مراحل سے گزرتے ہیں، جن میں مقامی اور بین الاقوامی تربیتی کیمپوں کے ساتھ تھیوری اور عملی تیاری کے متعدد مراحل شامل ہیں تاکہ انٹرنیشنل ایونٹس کے یے اپنی تیاری کو بڑھایا جا سکے۔

یورپین فزکس اولمپیاڈ میں سعودی عرب کی آٹھویں شرکت ہے، اب تک اس ایونٹ میں 27 ایوارڈ جیتے ہیں، جن میں ایک گولڈ میڈل، تین سلور اور 13 براونز میڈل اور 10 تعریفی اسناد شامل ہیں۔
اولمپیاڈ ہائی سکول کے طلبہ کےلیے ایک بین الاقوامی سائنسی مقابلہ ہے، جس میں شارٹ پرابلمز پیش کی جاتی ہیں، جن کے لیے کریٹیو سلوشنز درکار ہوتے ہیں۔
ان میں تھیوری اور پریکٹیکل ٹیسٹ ہوتے ہیں، طلبہ اپنے سلوشنز پر براہ راست سائنسی کمیٹی کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہیں۔
