سعودی کابینہ کی بحرین اور کویت پر ایران کے حملوں کی مذمت
ین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے منگل کو کویت اور بحرین کے خلاف ایرانی حملوں کے ساتھ آبنائے ہرمز میں میرین سکیورٹی اور فریڈم آف نیویگیشن کو نشانہ بنائے جانے والے اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا، جس میں ایجنڈے کے امور کا جائزہ اور متعدد فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس نے ایرانی حملوں کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے اتوار کو بحرین اور کویت پر ڈرون اور میزائل حملے کیے جبکہ آبنائے ہرمز میں دو مرتبہ جہازوں کو نشانہ بنایا جس میں قطری آئل ٹینکر شامل تھا۔
کابینہ نے مملکت کی جانب سے بحرین اور کویت کے ساتھ یکجہتی، ان کی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اقدامات کی مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا۔
اجلاس نے دیگر ملکوں کے ساتھ تعاون کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کے تحت مملکت کی مجموعی علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔
کابینہ نے بحرین میں منعقدہ جی سی سی، امریکہ کے وزارتی اجلاس کے نتائج کی حمایت اور سٹریٹجک شراکت داری کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
کابینہ کو سعودی ولی عہد سے فرانسیسی صدر ایمونویل میکخواں کے ٹیلی فونک رابطے سے آگاہ کیا گیا۔ رابطے میں دونوں رہنماوں نے سعودی عرب اور فرانس کے درمیان تعلقات کے شعبوں، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے سفارتی کوششں کا جائزہ لیا۔
مملکت کے مختلف علاقوں میں انفرا سٹرکچر کی ترقی کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد مسلسل ترقی کی سپورٹ کرنا ہے۔ اجلاس نے پہلے سعودی واٹر ویک کے آغاز کو بھی سراہا۔
اجلاس میں سعودی وزیر سرمایہ کاری یا ان کے نائب کو انڈیا کے ساتھ دوطرفہ سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے پر دستخط کا اختیار تفویض کیا ہے۔
