سعودی کابینہ نے خلیجی ریاستوں کی سرزمین اور علاقائی پانیوں کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں ہوا۔
اجلاس میں خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت کی سرزمین اور علاقائی پانیوں میں حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
کابینہ نے خلیجی ریاستوں، ان کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں سعودی ولی عہد نے کابینہ کو موریطانیہ کے صدر اور جاپان کی وزیر اعظم کے جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کے مندرجات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں علاقائی ڈیولپمنٹ اور بین الاقوامی تعاون کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
حالیہ اقتصادی انڈیکیٹرز جن میں صنعتی اور معدنی شعبوں میں ترقی، صحت، تعلیم اور انفرا سٹرکچر جیسے ترجیحی شعبوں میں جاری اخراجات پر بات کی گئی۔
کابینہ نے سعودی، ترک رابطہ کونسل کے تیسرے اجلاس کے نتائج کو سراہا۔
اجلاس نے ایجنڈے کے نکات کا بھی جائزہ لیا اور متعدد فیصلوں کی منظوری دی۔
سعودی وزارت توانائی اور روسی وزارت اقتصادی ترقی کے درمیان موسمیاتی تبدیلی اور کم گرین ہاوس گیسوں کے اخراج کے حوالے سے تعاون کےلیے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔