سعودائزیشن کے ضوابط کی خلاف ورزی پر 80 ہزار سے زیادہ نوٹس
جمعرات 2 جولائی 2026 20:07
وزارت افرادی قوت جدید سمارٹ سسٹم کے ذریعے نگرانی کر رہی ہے۔( فوٹو: سبق)
سعودی وزارتِ افرادی قوت، نجی شعبے میں لیبر قوانین اور مارکیٹ سے متعلق ضوابط پر عمل درآمد اور نگرانی جدید سمارٹ سسٹم کے ذریعے کر رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت کی جانب سے ڈیجیٹل نظام کے تحت اہلکاروں کے دوروں کو منظم کیا گیا جس کا مقصد لیبر قوانین کی پابندی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
وزارت کی ٹیموں نے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ اور صحت مند و پائیدار ماحول کی فراہمی کے سلسلے میں 2026 کے آغاز سے جون کے اختتام تک نجی شعبے میں 5 لاکھ سے زائد تفتیشی دورے کیے، 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
وزارت کی ٹیموں نے معمولی خلاف ورزیوں پر 50 ہزار سے زائد انتباہی نوٹس جاری کیے، سعود ائزیشن کے ضوابط کی خلاف ورزی پر 80 ہزار سے زیادہ نوٹس جاری کیے گئے۔ نجی شعبے کے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
وزارت نے بیان میں کہا ’ایک مربوط ڈیجیٹل اور فیلڈ انسپیکشن سسٹم کے ذریعے خلاف ورزیوں کا پتہ لگایا گیا، جو لیبر مارکیٹ کے ضوابط اور سعودائزیشن کے فیصلوں کی نگرانی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔‘
یہ نظام خود کار الیکڑانک پلیٹ فارمز کو یکجا کرتا ہے، جو ادارے کے ڈیٹا کا مسلسل تجزیہ کرتے رہتے ہیں۔ ڈیجیٹل نگرانی کے سسٹم کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئے، انسپیکشن کے عمل کو مزید موثر اور تیز بنانے میں آسانی ہوئی ہے۔
سالِ رواں کی پہلی ششماہی کے دوران ڈیجیٹل نگرانی کے طریقہ کار سے 60 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جس سے نگرانی کے نظام کی استعداد میں اضافہ ہوا اور اداروں کی نگرانی زیادہ درستگی اور موثر انداز میں ممکن ہوسکی۔
