Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلز اینڈ مارکیٹنگ کے شعبے میں 60 فیصد سعودائزیشن کا نفاذ

مملکت میں مرحلہ وار سعودائزیشن کے قانون پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ افرادی قوت نے سیلز اینڈ مارکیٹنگ کے شعبے میں 60 فیصد سعودائزیشن کے قانون پر اتوار 19 اپریل 2026 سے عمل درآمد شروع کر دیا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام مملکت کے تمام ریجنز میں سعودی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
مملکت کے نجی شعبے میں متعدد پیشوں پر مرحلہ وار سعودائزیشن کے قانون پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
وزارت کی جانب سے ایسے کمرشل اداروں کو جہاں 3 یا اس سے زیادہ غیرملکی ملازمین ہیں، 60 فیصد سعودی شہریوں کی تعیناتی کا ہدف مقرر کیا تھا۔
 سیلز اینڈ مارکیٹنگ کے لیے سعودی کارکنوں کی کم از کم اجرت 5500 ریال مقرر کی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
سیلز کے شعبے میں سعودائزیشن کے لیے جن پیشوں کو منتخب کیا گیا۔ ان میں سیلز مینیجر، ریٹل سیلزمین، ہول سیل، آئی ٹی سیلز سپیشلسٹ، سیلز ایگزیکیٹو، کمرشل سیلز سپیشلسٹ اور پروڈکٹ مڈل مین شامل ہیں۔
مارکیٹنگ کے شعبے میں مارکیٹنگ ڈائریکٹر، ایڈورٹائزنگ ایجینٹ، پبلک ریلیشنسٹ، گرافک ڈیزائنر، ایڈورٹائزنگ مینیجر، ایڈورٹائزنگ سپیشلسٹ، مارکیٹنگ سپیشلسٹ اور فوٹوگرافر شامل ہیں۔
ان تمام شعبوں میں 60 فیصد تک سعودائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کا آغاز 19 اپریل 2026 سے کیا گیا ہے۔
وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر فیصلوں سے متعلعق طریقہ کار کی وضاحت کی ہے، جن میں پیشوں کی تفصیلات، عملدرآمد کا طریقہ کار اور سعودائزیشن کی شرح کا تعین شامل ہے۔

 

شیئر: