Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فنی ورثے کی ابتدائی آوازیں گراموفون کے ذریعے محفوظ

گراموفون نے نسل در نسل لوک موسیقی کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
کسی زمانے میں پک اپ ریکارڈ پلیئر (گراموفون) سعودی موسیقی سے وابستہ نمایاں آلات میں سے ایک تھا، جس کے ذریعے ماضی میں سعودی گیتوں اور لوک موسیقی کو گھروں، تقریبات اور سماجی مواقع پر لانے کا ایک ذریعہ تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق جدید ریکارڈنگ ڈیوائسز اور ڈیجیٹل براڈ کاسٹنگ پلیٹ فارمز سے قبل گراموفون نے مملکت کے فنی ورثے کے ایک اہم حصے کو محفوظ رکھنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
ان آلات نے لوک موسیقی کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کیا اور آوازوں اور فنی تجربات کو محفوظ کیا۔
ماضی کے اس دور میں گراموفون ہی فنی تخلیقات کو محفوظ رکھنے اور لوگوں تک پہنچانے کا بنیادی ذریعہ تھا۔ دھنوں، بول اور موسیقی سے روشناس ہونے کا بھی اہم وسیلہ مانا جاتا تھا۔
ایسے فنکاروں کی آوازوں اور تخلیقی تجربات کو محفوظ رکھا جنہوں نے سعودی فن کی ابتدائی تاریخ کو تشکیل دیا۔ یہی وجہ ہے کہ اس دور کے بہت سے افراد کے لیے ’پک اپ ریکارڈ پلیئر‘ آج بھی خوشگوار یادوں اور جذباتی وابستگی کی علامت ہے۔

پک اپ ریکارڈ پلیئر محض ایک آلہ نہیں تھا بلکہ موسیقی سننے کے پورے عمل کا لازمی حصہ تھا جس کا آغاز پسندیدہ ریکارڈ (ڈسک) کے انتخاب سے ہوتا۔
ڈسک کو لگانے سے قبل اسے صاف کیا جاتا بعد ازاں احتیاط سے اسے بیس پر لگایا جاتا، گراموفون کی سوئی کو مہارت سے گھومتے ہوئے ریکاڈر ڈسک پر رکھا جاتا تھا، جس کے ساتھ آلے سے منسلک لاؤڈ سپیکر سے موسیقی گونجنے لگتی۔ یہ منظر اپنی سادگی اور دلکشی کے ساتھ معاشرتی زندگی میں فن کی اہمیت کو اجاگر کرتا۔
وقت کے ساتھ ٹیکنالوجی نے ترقی کی، آڈیو کیسٹ، ریکارڈنگ ڈیوائسز اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع اس میدان میں آتے گئے تو پک اپ ریکارڈ پلیئر یادِ ماضی میں گم ہوگیا۔

تاہم یہ آج بھی ایک اہم فنی اور ثقافتی دور کی علامت کے طور پر اجتماعی یادداشت میں زندہ ہے اور سعودی فن کی ابتدائی یادوں کی علامت مانا جاتا ہے۔
آج پک اپ ریکارڈ پلیئر ایک نادر ثقافتی ورثے کی حیثیت اختیار کرچکا ہے جسے نجی عجائب گھروں میں محفوظ رکھا جاتا ہے۔
یہ آلہ نہ صرف فنی اور سماجی اہمیت کا حامل رہا ہے بلکہ مختلف نسلوں کو ماضی سے جوڑنے اور مملکت میں فنی ذوق کی تاریخ کے ایک اہم باب کی یاد تازہ کرنے کی علامت بھی ہے۔

 

شیئر: