القری کمشنری: جہاں فطری حسن تاریخ اور ثقافت ہم آغوش ہے
القری کمشنری: جہاں فطری حسن تاریخ اور ثقافت ہم آغوش ہے
ہفتہ 4 جولائی 2026 0:12
قدیم طرز کے گاؤں اور قصبے سیاحوں کے لیے باعث کشش ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن کی کمشنری ’القری‘ اپنے فطری حسن، خوشگوار موسم اور تاریخی ورثے کے باعث موسم گرما کی تعطیلات میں سیاحوں کے لیے باعث کشش بنا ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق القری کمشنری کے میئر انجینیئر موسی بن فیحان الزھرانی کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما کے حوالے سے میونسپلٹی نے سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے خصوصی منصوبہ تیار کیا ہے۔
جامع منصوبے کے تحت ماحولیاتی تحفظ، صحت عامہ کے علاوہ تفریحی مقامات کی دیکھ بھال اور اصلاح و مرمت کے کام بڑے پیمانے پر شروع کیے گئے ہیں۔
الزھرانی کا مزید کہنا تھا کہ سیاحوں کے لیے پانچ اہم تفریحی مقامات تیار کیے گئے ہیں، جن میں الثروہ نیشنل پارک نمایاں ہے، جو 7 لاکھ 50 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے۔
مذکورہ پارک میں خاندانوں کے لیے سبزہ زار، کھلا تھیٹر، بچوں کے لیے مخصوص تھیٹر، واکنگ ٹریکس کے علاوہ مختلف مقامات پر بڑی بڑی سکرین نصب کی گئی ہیں۔
الثروہ نیشنل پارک میں 1610 میٹر طویل واکنگ ٹریک تعمیر کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
کمشنری میں ’نخال پارک‘ جو کہ 77 ہزار 371 مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے، کے علاوہ سبیحہ پارکس اور ویو پوائنٹس 42 ہزار 502 مربع میٹر پر محیط ہے۔ ہسپتال پارک کا رقبہ 15 ہزار 427 مربع میٹر جبکہ الاشتاء پارک 10 ہزار 410 مربع میٹررقبے پر قائم کیا گیا ہے۔
بلدیہ کے مطابق الثروہ نیشنل پارک میں 1610 میٹر طویل واکنگ ٹریک تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ الاشتاء واکنگ ٹریک کی لمبائی 2037 میٹر ہے جہاں کھیلوں اور سر سبز مقامات سیاحوں اور تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے خصوصی طورپر تیار کیے گئے ہیں۔
القری کمشنری کو الباحہ ریجن کا شمالی دروازہ بھی کہا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
القری کمشنری میں متعدد دیہی فارمز، ریزورٹس، قدیم دیہات اور تاریخی مقامات بھی موجود ہیں، جن میں ’بخروش گاؤں‘ ، الاطاولہ تاریخی قصبہ، دار عوضہ کی قدیم عمارت اور صحرا میں قائم کیا گیا کیمپ بھی شامل ہے۔
موسمِ گرما کے دوران القری کمشنری میں تفریح کرنے والوں کی بڑی تعداد دیکھی جا رہی ہے جو یہاں کے تاریخی علاقے اور خوبصورت فطری مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
القری کمشنری کو الباحہ ریجن کا شمالی دروازہ بھی کہا جاتا ہے جو اپنے تاریخی ورثے اور دلکش قدرتی ماحول کی وجہ سے مخصوص شناخت رکھتا ہے۔