Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پرکشش سیاحتی منزل‘: الباحہ میں سیاحت کے فروغ کے لیے دیہی فارمز کی تعداد میں اضافہ

الباحہ ریجن کے دیہی فارم موسم گرما میں سکون، آرام اور متنوع تفریحی تجربات کے متلاشی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق الباحہ میں وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت کے ریجنل ڈائریکٹر انجینیئر فہد مفتاح الزھرانی نے بتایا کہ الباحہ کا دیہی علاقہ ایک پرکشش سیاحتی منزل بن گیا ہے اور حالیہ دنوں میں علاقے کے دیہی شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت ماحولیات نے دیہی فارم کی معاونت اور نگرانی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انجینیئر فہد مفتاح الزھرانی نے مزید کہا کہ ’ایک تربیتی کیمپ بھی شروع کیا گیا جو مملکت کے جنوب مغربی علاقوں میں دیہی سیاحت کی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا ترقیاتی تربیتی پروگرام ہے۔‘
الباحہ میں اس وقت 30 لائسنس یافتہ دیہی فارم موجود ہیں جبکہ مزید 35 فارموں کو لائسنس دینے کا عمل جاری ہے۔ اس منصوبے کا مقصد علاقے کی مختلف کمشنریوں میں لائسنس یافتہ فارموں کی تعداد کو بڑھا کر 65 تک کرنا ہے تاکہ پورے علاقے میں دیہی سیاحت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ریجن کے دیہی فارم زرعی پیداوار اور سیاحتی سرگرمیوں کو یکجا کرتے ہیں جہاں سیاحوں کو دیہی طرز کی مہمان نوازی اور ثقافتی ورثے سے بھی روشناس ہونے کا موقع ملتا ہے۔
اس کے علاوہ الباحہ کے سرسبز سیڑھی دار کھیت بھی سیاحوں کے لیے خاص طور پر کشش کا باعث ہیں۔

 

شیئر: