خاتون کو اغوا سے بچانے کی کوشش، فائرنگ سے پاکستانی فضائیہ کے افسر کی جان چلی گئی
خاتون کو اغوا سے بچانے کی کوشش، فائرنگ سے پاکستانی فضائیہ کے افسر کی جان چلی گئی
اتوار 5 جولائی 2026 15:55
وفاقی وزیر داخلہ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزم کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد میں پاکستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق ایک خاتون کو اغوا ہونے سے بچاتے ہوئے جان سے چلے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اتوار کو گروپ کیپٹن عاصم اسلام آباد کے نائنتھ ایوینیو سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سے ایک خاتون کو اُترتے ہوئے دیکھا جس کا ہاتھ موٹرسائیکل سوار کھینچ رہا تھا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم طارق معاملہ مشکوک سمجھتے ہوئے مُڑ کر واپس آئے اور موٹرسائیکل کے قریب رُکے جس پر لڑکی بھاگ کر گاڑی کی دوسری جانب آگئی۔
اسی دوران مبینہ ملزم سعد نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کے ساتھ بدکلامی شروع کر دی اور چند ہی لمحوں میں اُن پر فائر کھول دیا۔
گروپ کیپٹن عاصم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعے پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ملزم وہاں سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے بتایا کہ ملزم دفتر میں اس کا کولیگ ہے، جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیش کش کی تھی، تاہم وہ راستہ تبدیل کر کے اسے زبردستی کہیں اور لے جانا چاہتا تھا۔
خاتون نے مزید کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے مجھے تحفظ فراہم کیا۔اس وقت قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔ گروپ کیپٹن عاصم نے سوگواران میں بیوہ، بیٹی اور بیٹا چھوڑے ہیں۔ ملزم گرفتار
تھانہ مارگلہ کی حدود میں پاکستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کو قتل کرنے والا ملزم تھانہ کھنہ کی حدود سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق ’ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کی حدود سے گرفتار کیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اسلام آباد پولیس)
اسلام آباد پولیس کے مطابق ’ملزم سعد عباسی کھنہ پُل کا رہائشی ہے جبکہ لڑکی غوری ٹاؤن میں رہتی ہے اور دونوں ایک ہی کیش اینڈ کیری میں ملازمت کرتے ہیں۔‘ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نوٹس
اس سے قبل وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ’وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔‘
وفاقی وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس سے افسوسناک واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’گروپ کیپٹن عاصم طارق کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔‘