ہالینڈ سے پنجاب پولیس کے 15 پر اغوا کی کال، لاہور پولیس نے دو غیرملکی خواتین کو کیسے بازیاب کروایا؟
ہالینڈ سے پنجاب پولیس کے 15 پر اغوا کی کال، لاہور پولیس نے دو غیرملکی خواتین کو کیسے بازیاب کروایا؟
جمعرات 2 جولائی 2026 13:01
ادیب یوسفزئی - اردو نیوز، لاہور
ایف آئی آر میں مزید الزام لگایا گیا ہے کہ دونوں خواتین کو متعدد مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس نے ہالینڈ سے 15 پر موصول ہونے والی کال پر ایکشن لیتے ہوئے دو غیرملکی خواتین کو بازیاب کر لیا ہے، جبکہ پولیس نے غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا، تاوان طلب کرنے اور اجتماعی زیادتی کے الزام میں مقدمہ بھی درج کر لیا۔
لاہور پولیس کے مطابق ہالینڈ اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی خواتین کو لاہور میں اغوا کیا گیا تھا۔ ہالینڈ میں موجود ایک خاتون کے والد نے پاکستان میں پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے اغوا کی اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق اس حوالے سے مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج کیا گیا ہے جہاں متاثرہ خاتون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ برس اکتوبر میں سنگاپور میں ان کی ملاقات محمد رضا ڈار نامی شخص سے ہوئی تھی۔ مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے انہیں اور ان کی ایک ساتھی خاتون کو پاکستان آنے کی دعوت دی اور ویزے کے حصول میں بھی مدد فراہم کی۔
ایف آئی آر کے مطابق دونوں خواتین 29 جون کو لاہور پہنچیں جہاں مدعیہ کے بقول نامزد ملزم، اس کے مبینہ ’باس‘ اور تین دیگر افراد نے انہیں اغوا کر لیا۔ مدعیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اغوا کے بعد ملزمان نے انتہائی جارحانہ رویہ اختیار کیا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں خواتین پر تشدد کیا گیا اور ان سے 15 لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ رقم نہ ملنے کی صورت میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور تیز دھار آلات سے تشدد بھی کیا گیا۔
ایف آئی آر میں مزید الزام لگایا گیا ہے کہ دونوں خواتین کو متعدد مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا یا ان کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی گئی، جبکہ اس دوران ان پر جسمانی تشدد بھی کیا جاتا رہا۔ مدعیہ مقدمے نے بتایا ہے کہ شیشے کے ذریعے ان کے جسمانی نازک اعضا کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ مدعیہ نے درخواست میں تمام پانچ ملزمان کی گرفتاری اور قانونی کارروائی کی استدعا کی تھی۔
پولیس نے مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 365 (اغوا) اور دفعہ 375 (زیادتی) کے تحت درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے لاہور پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خواتین کا طبی معائنہ کرایا جا رہا ہے (فوٹو: سیف سٹی لاہور)
پولیس کے مطابق ہالینڈ میں موجود ایک متاثرہ خاتون کے والد نے پاکستان کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے مبینہ اغوا کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق سیف سٹی کے کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا اور دو گھنٹوں کے اندر دونوں غیر ملکی خواتین کو بازیاب کرا لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خواتین میں ایک کا تعلق ہالینڈ اور دوسری کا وینزویلا سے ہے اور وہ پاکستان اپنے دوستوں سے ملاقات کے لیے آئی تھیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مقدمہ نمبر 1560/26 کے سلسلے میں چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خواتین کا طبی معائنہ کرایا جا رہا ہے اور حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ’واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خواتین کے خلاف جرائم کو ریڈ لائن قرار دے چکی ہیں اور خواتین کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘