Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی ٹیلنٹ کے لیے مواقع‘: طباخی فنون کے تعلیمی پروگرام کا آغاز

گریجویٹس کے لیے پائیدار کیریئر کی راہیں ہموار ہوں گی۔ ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب میں اِس ماہ سے طباخی فنون کے تعلیمی پروگرام (کلنری آرٹس اکیڈمک پروگرام) کا آغاز ہو گیا ہے جس میں سعودی شہریوں کو ایسی تمام مہارتوں سے آراستہ کیا جاتا ہے جن کی اِس صنعت میں ضرورت ہے اور مملکت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے اِس شعبے میں کیریئر کے پائیدار مواقع پیدا کیے جاتے ہیں۔
فنِ طباخی کے فنوں کے کمیشن کی سی ای او میادہ بدر نے’عرب نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے پروگرام کے آغاز کے بارے میں بتایا اور کہا یہ ملازمتوں کی طرف جانے کا راستہ فراہم کرے گا اور گریجویٹس کے لیے پائیدار کیریئر کی راہیں ہموار ہوں گی۔
سعودی پکوانوں کے فن کے کمیشن کے علاوہ اِس پروگرام میں جن دیگر تعلیمی اداروں نے تعاون کیا ہے اُن میں پرنس مقرن یونیورسٹی، کنگ خالد یونیورسٹی، پرنس سطام بن عبدالعزیز یونیورسٹی، ام القرٰی یونیورسٹی اور بترجی میڈیکل کالج شامل ہے۔
یہ انیشیٹیو، لیبر مارکیٹ کی ضرورتوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جس میں سعودی ٹیلنٹ کے لیے سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
میادہ بدر کا کہنا تھا ’پروگرام کے تحت سعودی ٹیلنٹ میں سرمایہ کاری سے قومی شناخت کو تقویت ملے گی اور اُسے فنِ طباخی کے شعبے کو اِس طرح آگے بڑھانے کے لیے تیار کیا جائے گا کہ یہ مملکت کے ثقافتی اور معاشی میدان میں نمایاں حیثیت اختیار کر جائے۔‘

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’پروگرام کے شرکا کو عصرِ حاضر میں رائج جدید طریقوں سے ہم آہنگ ہو کر سعودی طباخی کے فن کو لوگوں کے سامنے پیش کرنے کے لیے عملی اور پروفیشنل مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ شرکا، مملکت کے پکوانوں کے متنوع ورثے سے تحریک حاصل کرتے ہوئے ڈشیں تیار کر سکیں گے۔‘
میادہ بدر نے کہا کہ ’کمیشن، مملکت بھر میں جامعات اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر اِس پروگرام پر عمل درآمد کر رہا ہے جو مقامی ٹیلنٹ کو وسعت دینے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے اور اِس شعبے اور اُبھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی نشو و نما میں تعاون فراہم کرے گا۔
 انھوں نے کہا کہ پروگرام کی کامیابی کا معیار گریجویٹس کے کیریئرز کے آگے بڑھنے اور اِس بات سے ہوگا کہ اس انیشیٹیو کا تسلسل، لیبر مارکیٹ کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں کتنا مفید ثابت ہوا ہے۔‘

پروگرام میں شریک ہونے کے لیے سعودی شہریوں کی عمر 18 برس سے زیادہ اور اُن کے پاس ہائی سکول ڈپلوما یا یونیورسٹی کی ڈگری ہونی ضروری ہے۔
 درخواستیں بھیجنے کی آخری تاریخ 31 جولائی ہے۔ شرکا کو عملی تربیت اور فنِ طباخی میں طویل مدت کے لیے ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور پروگرام کے اختتام پر تسلیم شدہ اسناد دی جائیں گی۔

 

شیئر: