Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عالمی پکوان‘: جازان نے دنیا بھر کے لذیذ کھانوں کو ایک دسترخوان پر سجا دیا

جازان ریجن میں ہیریٹیج ہاؤس نے ہائر انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی کے تعاون سے ’عالمی پکوان‘ کے عنوان کے تحت منفرد ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق پروگرام کا مقصد علاقائی ثقافت اور پکوانوں کے فن کو یکجا کرتے ہوئے شرکا کو دنیا کی مختلف تہذیبوں اور ان کے روایتی ذائقوں سے روشناس کرانا ہے۔
پروگرام میں مختلف ممالک اور ثقافتوں کی نمائندگی کرنے والے انواع و اقسام کے پکوان پیش کیے گئے۔
انسٹیٹیوٹ کے طلبہ نے نہ صرف پکوانوں کی تیاری کا عملی مظاہرہ کیا بلکہ ان کے اجزا، طریقہ کار اور ان سے وابستہ ثقافتی روایات سے بھی آگاہ کیا۔
تقریب میں ’لائیو کوکنگ‘ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا جہاں آنے والوں نے مختلف پکوانوں کی تیاری کے مراحل کا جائزہ لیا اور عالمی ذائقوں سے لطف اندوز ہوئے۔

پروگرام میں آنے والوں کو غذائی تحفظ، صحت بخش خوراک اور پائیدار طرز طعام جیسے اہم موضوعات پر بھی معلومات فراہم کی گئیں جو ان کے لیے کافی مفید ثابت ہوئیں۔
اس حوالے سے خوراک کے ضیاع کو روکنا، وسائل کے موثر استعمال اور ذمہ دارانہ غذائی رویوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا جو عالمی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

وہاں موجود ’ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی‘ کے شعبے سے وابستہ طلبہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا اور وہاں آنے والوں کو اس فن کی باریکیوں سے بھی آگاہ کیا۔

 

شیئر: