سعودی رائل ریزرو میں نایاب پرندے ’ریڈ فیلا روپ‘ کی موجودگی ریکارڈ
ریڈ فیلا روپ اپنی زندگی کا بیشتر حصہ کھلے سمندر میں گزارتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو میں ایک خصوصی تحقیقی ٹیم نے پہلی مرتبہ نایاب پرندے ’ریڈ فیلا روپ‘ کی موجودگی ریکارڈ کی ہے۔ یہ مشاہدہ نہ صرف مملکت بلکہ جزیرہ عرب میں اب تک کے نایاب پرندوں کے ریکارڈ میں سے ایک ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی کے ترجمان عبدالعزیز الفریح نے بتایا ’اس پرندے کا مشاہدہ فروری 2026 میں ریزرو میں واقع سدیر کے مصنوعی آبی ذخیرے میں کیا گیا تھا۔‘
پرندے کا مشاہدہ اتھارٹی اور کنگ سعود یونیورسٹی کے ماہرین پر مشتمل تحقیقی ٹیم نے کیا۔ ٹیم نے ریزرو کے جنوبی حصے میں اس پرندے کو دیکھا جو نقل مکانی کرکے آنے والے پرندوں میں شامل ہے۔
اس دریافت پر مبنی تحقیقی مقالہ حیاتیاتی تنوع اور پرندوں کی تحقیق کے عالمی جریدے میں شائع کیا گیا ہے۔ یہ جریدہ نایاب پرندوں کی نقل مکانی اور ان کے پھیلاو کی دستاویز کی تیاری کے حوالے سے انتہائی معتبر مانا جاتا ہے۔
ریڈ فیلا روپ ایک سمندری پرندہ ہے، جو اپنی زندگی کا بیشتر حصہ کھلے سمندر میں گزارتا ہے اور شمالی قطبی علاقوں میں افزائشِ نسل کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مملکت کے اندرونی آبی علاقوں میں اس کی موجودگی غیرمعمولی واقعہ سمجھا جا رہا ہے اور یہ ریزرو کی بڑھتی ہوتی ماحولیاتی اہمیت اور طویل فاصلے سے نقل مکانی کرنے والی نایاب نسلوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔
کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو میں حالیہ برسوں کے دوران نایاب پرندوں اور دیگر جنگلی حیات کی کئی نئی انواع ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ بعض انواع کی افزائشِ نسل کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے تحقیقی اور تعلیمی اداروں کے تعاون سے ماحولیاتی نگرانی اور سائنسی مطالعات کا سلسلہ جاری رہے گا تا کہ جنگلی حیات کی انواع، ان کی نقل مکانی اور جغرافیائی پھیلاو سے متعلق معلومات میں اضافہ ہو سکے۔
