العقعق، وہ پرندہ جو صرف سعودی عرب میں پایا جاتا ہے
’عقعق واحد پرندہ ہے جو صرف سعودی عرب میں پایا جاتاہے، یہ دنیا کے کسی اور خطے میں نہیں رہتا‘ ( فوٹو: سبق)
عقعق عسيرکا مخصوص پرندہ ہے جو صرف سعودی عرب میں پایا جاتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ پرندہ عسیر کے پہاڑی علاقوں میں پایا جاتا ہے جو اس پرندہ کو حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے منفرد مسکن اور فطری ماحول فراہم کرتا ہے۔
سعودی آرامکو کمپنی کی طرف سے شائع ہونے والی کتاب ’سعودی عرب کے پرندے‘ میں لکھا ہے کہ عقعق واحد پرندہ ہے جو صرف سعودی عرب میں پایا جاتاہے، یہ پرندہ دنیا کے کسی اور خطے میں نہیں رہتا۔
اس کا علمی نام ’Pica asirensis‘ ہے اوریہ اپنی ذہانت اور آئینے میں خود کو پہچاننے کی صلاحیت کی وجہ سے معروف ہے۔

اسے مقامی طور پر ’عقعق‘ کہا جاتا ہے، جو اس کی مخصوص آواز کی نمائندگی کرتا ہے۔
اس کی نمایاں خصوصیات میں اس کا رنگ ہے جو سیاہ اور سفید پر مشتمل ہے جبکہ یہ عموماً عرعر یا طلح کے درختوں پر 3 سے 8 میٹر کی بلندی پر بڑے گنبد نما گھونسلے بناتا ہے۔

جدید مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ عقعق کے صرف تقریباً ایک سو جوڑے (یعنی لگ بھگ 200 بالغ پرندے) باقی رہ گئے ہیں۔
اسی بنا پر اسے بین الاقوامی اتحاد برائے تحفظِ فطرت (IUCN) نے خطرے سے دوچار انواع (Endangered) کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

اس کی بقا کو لاحق بڑے خطرات میں موسمیاتی تبدیلی، درجہ حرارت میں اضافہ اور خطے میں گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری خشک سالی شامل ہیں جنہوں نے اس کے قدرتی مسکن کو محدود کر دیا ہے۔