مکہ کے پارک اور واک ویز جو شہر کی دلکشی کو بڑھا رہے ہیں
جمعرات 9 جولائی 2026 9:26
اس سے تمام عمر کے افراد کے لیے آرام دہ ماحول فراہم ہوتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں پبلک سکوائر اور واک ویز شہر کے تقدس کے ساتھ ساتھ معیار زندگی کو بڑھا رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ان اقدامات سے رہائشیوں اور زائرین کے لیے ایک محفوظ اور پرکشش ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔
مکہ شہر میں مختلف مقامات پر جمالیاتی لینڈ مارک جہاں درخت، پودے، پھول، فوارے اور ماڈرن لائٹنگ سسڈم موجود ہے یہ سب سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق شہر کی بصری شناخت کو بہتر بنانے میں معاون ہیں۔
ریجنل میونسپلٹی شہرِ مقدس کے چوراہوں اور پارکوں کے درمیان گرین بیلٹ کی تعداد میں اضافہ کرنے کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے راستوں میں نمایاں ترقی دیکھی جا رہی ہے، یہاں ریسٹ ایریا اور لائٹنگ موجود ہے، اس سے تمام عمر کے افراد کے لیے آرام دہ ماحول فراہم ہوتا ہے۔

مختلف مقامات پر واک ویز بنائے گئے ہیں تاکہ عوامی صحت کے اصولوں کو فروغ دیتے ہوئے لوگوں کو جسمانی سرگرمیوں کی ترغیب دی جائے۔
ترقیاتی منصوبوں میں مخصوص افراد کی ضروریات کا بھی پورا خیال رکھا گیا ہے، واک ویز اور ڈھلوان والے راستوں کو انجینئرنگ کے معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے تاکہ ہر کوئی آسانی سے ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکے۔
جدید آبپاشی نظام کے ذریعے شجرکاری سے جہاں علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے وہاں درجہ حرارت میں کمی اور ہوا کی کوالٹی میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ قدرتی سایہ اور کھلے مقامات شہریوں کو زیادہ آرام دہ ماحول فراہم کرتے ہیں۔

پبلک سکوائر اور واک ویز، مکہ مکرمہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اہم حصہ ہیں، ان کا مقصد زیادہ آرام دہ، پرکشش اور فعال شہری ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا، سماجی روابط کو فروغ اور معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
یہ اقدامات معیار زندگی پروگرام کے اہداف کے مطابق ہیں جو سعودی وژن 2030 کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔
