سعودی عرب کی بلوچستان میں سکیورٹی اہلکاروں پر مسلح حملوں کی مذمت
دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام کارروائیوں کو مکمل طور پر مسترد کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان مں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر ہونے والے مسلح حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں متعدد اموات ہوئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مملکت کی جانب سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام کارروائیوں کو مکمل طور پر مسترد اور پاکستان کے برادر عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
بیان میں پاکستان کی سرزمین کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے اس کی سکیورٹی کوششوں کی سپورٹ کا بھی اعادہ کیا گیا۔
وزارت نے مرنے والوں کے اہل خانہ، پاکستان کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کی۔
یاد رہے پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ تین روز کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں سکیورٹی فورسز نے مجموعی طور پر 54 دہشت گرد ہلاک کیے، جبکہ اس دوران پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 42 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
چھ جولائی کو زیارت کے قریب منگی ڈیم پر پمپنگ سٹیشن اور پائپ لائن کی سکیورٹی پر تعینات پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ اس جھڑپ میں نو پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ فورسز نے 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
حملے کے دوران یرغمال بنائے گئے 18 پولیس اہلکاروں کو دہشت گردوں نے اس وقت شہید کیا جب سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا گھیراؤ کر رکھا تھا اور ان کے گرد دائرہ تنگ ہو چکا تھا۔
دہشت گردی کا تیسرا واقعہ بدھ کو پیش آیا جب کالعدم بی ایل اے نے قومی شاہراہ این-25 پر فوجی قافلے کو نشانہ بنایا۔
