Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کا الطیبات میوزیم جہاں 2 سے 14 ہجری تک کے قرآنِ کریم کے نسخے محفوظ ہیں

جدہ کے الطیبات انٹرنیشنل سٹی آف سائنس اینڈ نالج میوزیم میں مملکت کے انتہائی نادر و نایاب قرآن کریم کے نسخے محفوظ ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق میوزیم میں موجود  دوسری سے 14 ویں صدی ہجری تک کے نادر قلمی مخطوطات اور نسخے موجو ہیں۔ یہ مجموعہ ایک ہزار سال سے زائد عرصے میں قرآن کریم کی کتابت اور عربی خطاطی کے ارتقا کے مختلف ادوار کی عکاسی کرتا ہے۔
اس قیمتی ذخیرے میں اسلامی تہذیب میں فروغ پانے والے مختلف فنی اور خطاطی کے مکاتب کی نمائندگی کرنے والے نمونے موجود ہیں۔
ان میں ابتدائی دور کے خط کوفی رسم الخط سے لے کر خط نسخ، ثلث اور محقق و ریحانی رسم الخط میں تحریر کیے گئے نسخے، خوبصورت آرائشی حاشیوں اور سونے کے پانی سے مزین قرآن کریم کے نسخے شامل ہیں ۔
میوزیم میں موجود نادر و نایاب مخطوطات کی اہمیت صرف ان کی تاریخ تک محدود نہیں بلکہ یہ اس بات کی واضح علامت ہیں کہ مسلمانوں نے قرآن کریم کی کتابت اور حفاظت پر ہمیشہ خصوصی توجہ دی۔ ان میں کاتبوں اور خطاطوں کی مہارت، باریک بینی، فنی مہارت اسلامی تہذیب کی علمی اور ثقافتی ترقی کو نمایاں کرتی ہے۔

میوزیم میں اسلامی تہذیب کی نمائش کے لیے بھی خصوصی گیلری قائم ہے جہاں قرآنی مخطوطات کے ساتھ ساتھ اسلامی فنون کے نادر نمونے، خانہ کعبہ کے غلاف، تانبے، مٹی اور شیشے سے تیار کی گئی تاریخی اشیا بھی رکھی گئی ہیں، جو وزیٹرز کو اسلامی ورثے کے مختلف پہلووں سے روشناس کراتی ہیں۔
الطیبات میوزیم کی بنیاد عبدالروف خلیل نے رکھی تھی اور اسے مملکت کے نمایاں نجی عجائب گھروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
یہ میوزیم 10 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے۔ اس میں 120 سے زائد ہال ہیں اور ہر ہال دو کمروں پر مشتمل ہے۔ یہاں ہزاروں تاریخی، ثقافتی  اور آثارِ قدیمہ سے متعلقہ نوادرات رکھے گئے ہیں جو جزیرہ عرب اور مختلف انسانی تہذیبوں کی تاریخ کو دستاویزی شکل میں پیش کرتے ہیں۔

 

شیئر: