طائف میں سیاحوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل، 120 پارک سجا دیئے گئے
طائف میں سیاحوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل، 120 پارک سجا دیئے گئے
جمعہ 10 جولائی 2026 19:18
موسمِ گرما میں مختلف شہروں سے لوگ طائف کا رخ کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
طائف میونسپلٹی نے سمر سیزن 2026 کے حوالے سے سیاحوں کے استقبال کے لیے تیاریاں کر لی ہیں۔ مختلف علاقوں میں 120 سے زائد پارکس و تفریحی مقامات کی تزئین اور آرائش کا منصوبہ مکمل ہو گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ریجنل میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سیر وتفریح کے لیے آتے ہیں۔
علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور وزیٹرز کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے بلدیہ نے جامع پروگرام کے تحت تفریحی علاقوں کے معیار کو مزید بہتر کیا ہے۔
میونسپلٹی کا مزید کہنا ہے کہ سیاحتی موسم کے دوران گراؤنڈ ٹیمیں مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھیں گی، معمول کی دیکھ بھال کا کام، موصول ہونے والی شکایات یا نشاندہی پر فوری کارروائی کی جائے گی، تاکہ عوامی سہولتوں کی پائیداری اور معیار برقرار رہے۔
بلدیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر کو مزید خوبصورت بنانے اور تفریحی مقامات پر صفائی ستھرائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔
واضح رہے مکہ مکرمہ ریجن کا پہاڑی تفریحی مقام طائف موسمِ گرما کے دوران تفریح کے لیے آنے والوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوتا ہے۔
بلدیہ کی جانب سے بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے نگرانی کا عمل جاری ہے (فوٹو: ایس پی اے)
طائف میں متعدد تفریحی مقامات ہیں جن میں ’الشفا‘، ’الھدی‘ اور دیگر علاقے بھی شامل ہیں جہاں تفریحی پارکس کے علاوہ ریزورٹس اور فاسٹ فوڈ کارنرز بھی موجود ہیں۔ بچوں کے لیے پلے لینڈ اور دلفریب نظاروں سے بھرپور کھلے تفریحی مقامات پر لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ جاتے ہیں جہاں کا موسم ان دنوں کافی بہتر ہوتا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے سیاحتی مقامات میں موجود ہوٹلز اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کی نگرانی کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری رہتا ہے تاکہ تفریح کے لیے آنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔