ابھا ایئرپورٹ پر ایک دن میں پروازوں کا نیا ریکارڈ قائم
پانچ جولائی کو 130 سے زائد پروازوں کی آمد و رفت ہوئی (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایک ہی روز میں پروازوں کی آمد و رفت کے حوالے سے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ 5 جولائی کو 130 سے زائد پروازیں آپریٹ کی گئیں۔
اخبار 24 نے ایوی ایشن کے حوالے سے کہا ہے کہ ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کے ڈیٹا کے مطابق 117 اندرون ملک جبکہ 15 بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی۔
ایئرپورٹ کو حاصل ہونے والی کامیابی آپریشنل نظام کی استعداد اور مصروف سیزن کے دوران فضائی آمد و رفت میں نمایاں اضافے کو موثر انداز میں سنبھالنے کی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
عیسر ریجن میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران اندرون و بیرون ملک سے بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے جو وہاں ہونے والی تفریحی سرگرمیوں میں شرکت اور سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
ایئرپورٹ ہولڈنگ کمپنی کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارے ’سیکنڈ ایئرپورٹس کلسٹر‘ کا کہنا ہے کہ یہ مثبت آپریشنل اشاریے قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی حکمت عملی کے تحت ایوی ایشن پروگرام کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔ پروگرام کا مقصد ہوائی اڈوں کی آپریشنل استعداد میں اضافہ، مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور عالمی معیار کے مطابق اعلی ترین آپریشنل کارکردگی حاصل کرنا ہے۔
