Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحتی اور معاشی اہمیت، ابھا ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ

سعودی عرب کےعسیر ریجن میں جاری سمر سیزن 2026 کے دوران ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جو خطے کی سیاحتی اور معاشی اہمیت میں مسلسل اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔
کلسٹر ٹو ایئرپورٹس کمپنی کے مطابق جون کے آغاز سے اگست 2026 کے اختتام تک ابھا ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی تقریباً 10 ہزار شیڈول پروازوں کی توقع ہے جبکہ مجموعی طور پر 18 لاکھ سے زائد نشستوں کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ایئرپورٹ کے آپریشنل منصوبے کے تحت سال بھر کے لیے 15 مقامات سے فضائی رابطہ قائم کیا گیا ہے جن میں ریاض، جدہ، دمام، مدینہ منورہ، تبوک، دبئی، شارجہ، دوحہ، مسقط، پورٹ سوڈان، قاہرہ، سوہاج، جیزہ، ادیس ابابا اور استنبول شامل ہیں۔
اس کے علاوہ موسمِ گرما کے لیے تین خصوصی موسمی روٹس بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں طرابزون، کویت اور قصیم شامل ہیں۔
حکام کے مطابق فضائی رابطوں کے اس وسیع نیٹ ورک سے نہ صرف ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا بلکہ سیاحت سے وابستہ شعبوں، جن میں ہوٹلنگ، رہائش، ریستوران، ٹرانسپورٹ، ریٹیل اور موسمی تقریبات شامل ہیں، کو بھی مزید فروغ حاصل ہوگا۔
عسیر ریجن اپنی معتدل آب و ہوا اور قدرتی حسن کی بدولت سعودی عرب کے نمایاں سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے اور ابھا ایئرپورٹ اس ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

شیئر: