مکہ کے تاریخی و ثقافتی مقامات پر 17.5 ملین زائرین کی آمد
وزیٹرز کے اطمینان کی شرح 97.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ علاقے کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کے تحفظ اور بحالی کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس سے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق قدیم ورثے کے شہر کے طور پر مکہ مکرمہ کی پوزیشن مستحکم ہوگی۔
رائل کمیشن کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں کہا گیا منصوبے پرعمل درآمد کے آغاز سے اب تک 28 تاریخی مقامات کو ترقی دے کر انہیں بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ مزید 28 مقامات کی بحالی سائنسی اور فنی اصولوں کے مطابق کی گئی ہے۔
60 تاریخی و ثقافتی اہمیت کے مقامات کو دستاویز کیا گیا، جبکہ 27 مقامات کو سیاحوں اور زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
زائرین کی سہولت کے لیے سات وزیٹرز سینٹر بھی بنائے گئے ہیں، جہاں انہیں تاریخی اور ثقافتی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے مطابق سال 2024 میں اس حکمت عملی پر آغاز سے اب تک تاریخی و ثقافتی مقامات نے 17.5 ملین وزیٹرز کو متوجہ کیا ہے، جبکہ اطمینان کی شرح 97.5 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو وہاں فراہم کی جانے والی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کی عکاس ہے۔
بیان کے مطابق تاریخی مقامات کی بحالی اور ترقی کے لیے 65 مطالعاتی رپورٹس بھی تیار کی گئی ہیں، جس سے تحفظ اور بحالی کے منصوبوں کی تیاری میں مدد ملی۔

رائل کمیشن کا کہنا تھا ’حکمت عملی کے تمام مقررہ آپریشنل اہداف 100 فیصد مکمل کر لیے گئے، جو متعلقہ اداروں کے درمیان موثر تعاون اور تاریخی و ثقافتی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لیے جاری پروگرام کی کامیابی کی نشاندہی کرتے ہیں۔‘
ان منصوبوں کا مقصد مکہ مکرمہ کی تاریخی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے جدید ترقی کے تقاضوں سے ہم آہنگ، شہر کے تہذیبی ورثے کو نمایاں کرنا اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو ایک جامع ثقافتی و تاریخی تجربہ فراہم کرنا ہے۔
