Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا: صحرا کی خاموش راتوں میں آسمان پر بکھرے ستارے، فلکیاتی سیاحت کا مرکز

العلا گورنریٹ میں آج کل موسمِ گرما میں ستاروں کو دیکھنے اور اُن کا مشاہدہ کرنے کے شوق میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی ایک بڑی وجہ انتہائی صاف آسمان اور روشنی کی آلودگی میں بہت زیادہ کمی ہے۔
صاف آسمان اور روشنی میں آلودگی کی کمی اجرامِ فلکی کے مشاہدے کے لیے مثالی ماحول فراہم کرتے ہیں جس سے فلکیاتی سیاحت کی عالمی منزل کے طور پر العلا کی حیثیت مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سیاروں کے مشاہدے اور اُنھیں دیکھنے کے علاوہ شائقین کے تجربات میں کھلے آسمان کے نیچے مراقبے کے سیشن، سیاروں پر نگاہ ڈالنا، اور دوربینوں کے ذریعے کہکشاؤں پر غور کرنا شامل ہے۔
اِس سلسلے میں منتظمین نے رات کے وقت رہنماؤں کی نگرانی میں خصوصی ٹوئرز کا اہتمام بھی کیا ہے جن میں سائسنی تشریحات، فلکی فوٹو گرافی، ستاروں سے متعلق مقامی ورثے اور راستوں کی تلاش کے لیے ماضی میں استعمال کیے جانے والے روایتی طریقوں کے بارے میں پریزینٹیشن بھی شامل ہے۔
یہ سب سرگرمیاں یکجا ہو کر سائنسی علم کی شکل تو اختیار کرتی ہیں لیکن ساتھ ساتھ اِن میں فطرت کے خوبصورتی سے لطف اٹھانے کا سامان بھی موجود ہے۔
فلکیات سے متعلق تفریحی پروگرام یہاں رہنے والوں، سیاحوں اور فلکیات کے شوقین افراد کے لیے ہمیشہ دلچسپی کا باعث بنے رہتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان پرگراموں میں فلکی ہیئتوں کے بارے میں معلومات اور اجرامِ فلکی سے متعلق علم کے بارے میں حقائق پیش کیے جاتے ہیں جس سے اِن افراد کے سیکھنے کے لیے عملی چیزیں سامنے ہوتی ہیں اور گرمیوں کے سیزن میں اُنھیں طرح طرح کے سیاحتی تجربات فراہم ہوتے ہیں۔

العلا کے رائل کمیشن سے وابستہ منارہ کی ٹیم اِن مشاغل کے لیے تعاون کرتی ہے جس کے پاس فلکیات سے متعلق مختلف پروگراموں اور ایونٹس کی نگرانی کی ذمہ داری ہے۔
یہ ٹیم، فلکیات کے بارے میں عوامی شعور کو بیدار کرتی ہے اور ایسے سیاحتی تجربات کی افادیت میں اضافے کا باعث بنتی ہے جن میں بنیادی توجہ ستارہ بینی اور اجرامِ فلکی پر مرکوز کی جاتی ہے۔ اُنھیں اِس مقصد کے لیے سائنسی اور انٹرایکٹیو مواد مہیا کیا جاتا ہے جو آسمان سے متعلق علوم و مظاہر کو بیش قیمت ثقافتی ورثے سے ملا دیتا ہے۔
العلا، ڈارک سکائی انٹرنیشنل تنظیم کی جانب سے پہلے ہی ’ڈارک سکائی ڈیسٹینیشن‘ کا اعزاز حاصل کر چکا ہے اور مشرقِ وسطٰی میں پہلا ایسا شہر ہے جسے یہ سند دی گئی ہے۔

العلا کو ملنے والی یہ رسمی منظوری اِس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ یہاں کے گورنریٹ کے آسمان صاف و شفاف ہیں اور اِس مقام پر روشنی کی وجہ سے پیدا ہونے والی آلودگی کم سے کم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیاح، یہاں سے کہکشاؤں کو بھی دیکھ سکتے ہیں، سیارگارن کا مشاہدہ بھی کر لیتے ہیں اور کواکب پر بھی آسانی سے نگاہیں ٹکا سکتے ہیں۔
یہاں آنے والے، ٹیلی سکوپ کے ذریعے ذمہ افراد کی زیرِ نگرنی فلکی نظاروں کا مزہ بھی لے سکتے ہیں اورآسمان پر جگہ جگہ سجے ٹمٹاتے موتیوں کے بارے میں صحرا نشینوں کی قدیم روایتی کہانیاں سن کر لطف بھی حاصل کر سکتے ہیں جو العلا کے رہنے والوں اور راتوں کے آسمان کے درمیان نسلوں سے قائم تعلق کو اجاگر کرتی ہیں۔

شیئر: