منارہ العلا اور الغرامیل ریزرو ’ڈارک سکائی‘ مقامات میں شامل
منارہ العلا اورالغرامیل ریزرو کو روشنی کی آلودگی سے صاف مقام قرار دیا گیا (فوٹ: ایس پی اے)
ڈارک سکائی انٹرنیشنل کی جانب سے العلا کمشنری کے دو مقامات ’منارۃ العلا‘ اور’الغرامیل ریزور‘ کو سعودی عرب اور خلیج عربی کی سطح پر پہلے’ ڈارک سکائی‘ کے طور پر رجسٹر کرنے کی منظوری جاری کردی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ڈارک سکائی انٹرنیشنل شہری اور دیہی علاقوں میں روشنی کی آلودگی کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی ایک عالمی تنظیم ہے۔
العلا کمشنری کے مذکورہ مقامات غیرمعمولی طورپر بصری شفافیت اورمنفرد چٹانی ساختوں کے حامل ہیں، یہ مقامات اپنے منفرد ماحول کی وجہ سے رات کے وقت سیاہ آسمان پرغورو فکر، ستاروں اور سیاروں کا مشاہدہ کرنے والوں کے لیے مثالی مقام ہیں۔
دربِ التبانہ (ملکی ویے) کا مشاہدہ الغرامیل ریزرو سے نہایت واضح طور پر کیا جاسکتا ہے، یہی وجہ سے ہے کہ یہ مقام فلکیاتی امور کے شوقین، ماہرین، فلکیاتی فوٹوگرافرز اوران لوگوں کے لیے مرغوب ترین مقامات بن چکے ہیں جو روشنی کی آلودگی سے صاف آسمان تلے نایاب لمحات کے متلاشی ہوتے ہیں۔
واضح رہے ڈارک انٹرنیشنل کا قیام 1988 میں ہوا تھا۔ دنیا بھرمیں ’ڈارک سکائی‘ مقامات کی منظوری دینے والا یہ ایک مستند عالمی ادارہ ہے جس کی فہرست میں اب العلا کے دو مقامات ’منارۃ العلا‘ اور’الغرامیل ریزرو‘ کو باقاعدہ طور پر شامل کرلیا گیا ہے جو سعودی عرب اور خلیج عربی کی سطح پر پہلے مقامات ہیں۔