کرکٹ کے ’عظیم ترین آل راؤنڈر‘ گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں چل بسے: ’ایسا کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتا ہے‘
کرکٹ کے ’عظیم ترین آل راؤنڈر‘ گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں چل بسے: ’ایسا کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتا ہے‘
جمعہ 17 جولائی 2026 21:31
سر گیری سوبرز کی وفات پر دنیائے کرکٹ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ انڈیز کے افسانوی کرکٹر اور دنیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر سر گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق سر گیری سوبرز کی وفات پر دنیائے کرکٹ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور کھیل کی عظیم شخصیات کی جانب سے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
سر گیری سوبرز کو کرکٹ کی تاریخ کے چند عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ان کی وفات پر کس نے کیا کہا؟ آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں: جیفری بائیکاٹ (سابق انگلش بلے باز)
’جس کسی نے بھی انہیں اپنے عروج کے دور میں کھیلتے دیکھا ہے، اس کے پاس ایک عظیم بلے باز، تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈر اور صدیوں میں ایک بار پیدا ہونے والے ایک غیر معمولی کرکٹر کی خوبصورت یادیں ہوں گی۔ اور اس سے بھی بڑھ کر اہم بات یہ کہ وہ ایک بہترین انسان تھے۔‘ کشور شیلو (صدر، کرکٹ ویسٹ انڈیز)
’بارباڈوس کا ایک ایسا بیٹا جس کا غیر معمولی سفر ہمارے خطے کی تاریخ کا حصہ بن گیا اور جس کی مہارت نے دنیا بھر میں ویسٹ انڈیز کا نام فخر سے بلند کیا۔‘
1966: عظیم باکسر محمد علی اور سر گیری سوبرز لارڈز میں۔ (فوٹو: پی اے)
وی وی ایس لکشمن (سابق انڈین بلے باز)
’کھیل کا ایک ایسا سچا ستارہ جس کی غیر معمولی مہارت، وقار اور کھیل کے جذبے نے دنیا بھر کی نسلوں کو متاثر کیا۔ ان کی میراث کرکٹ کی تاریخ کا ہمیشہ حصہ رہے گی۔‘ ویبھو سوریاونشی (انڈیا کے نوجوان بلے باز)
’مجھے سر گیری سوبرز کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع تو نہیں ملا لیکن میں اپنے والد سے ان کی عظمت کے قصے سنتے ہوئے بڑا ہوا ہوں۔ وہ نسلوں کے ہیرو ہیں۔‘
ناٹنگھم شائر کاؤنٹی (انگلش کاؤنٹی، جس کی طرف سے سوبرز کھیلے)
’ہمیں سر گارفیلڈ سوبرز کے انتقال کی خبر سن کر شدید دکھ ہوا ہے۔ وہ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈر اور ناٹنگھم شائر کی تاریخ کی ایک یادگار شخصیت تھے۔‘ انگلینڈ کرکٹ بورڈ
’کھیل کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک۔ سر گارفیلڈ سوبرز، آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔‘