فیفا ورلڈ کپ آفیشلز کی فہرست سے نکالے گئے ڈچ ریفری روب ڈیپرنک انتقال کر گئے
منگل 14 جولائی 2026 13:47
نیدرلینڈز کے فٹبال ریفری روب ڈیپرنک 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
فیفا ورلڈ کپ 2026 سے چند ہفتے قبل آفیشلز کی فہرست سے نکالے جانے والے نیدرلینڈز کے فٹبال ریفری روب ڈیپرنک 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
نیدرلینڈز فٹبال ایسوسی ایشن (کے این وی بی) نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا، جبکہ فیفا نے بھی تعزیتی بیان جاری کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور نیدرلینڈز فٹبال ایسوسی ایشن سے اظہارِ افسوس کیا۔
تاہم ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
روب ڈیپرنک کو رواں برس امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) مقرر کیا گیا تھا، تاہم مئی میں فیفا نے انہیں آفیشلز کی فہرست سے نکال دیا تھا۔
یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب اپریل میں برطانیہ کے شہر کروئیڈن میں ایک کم عمر لڑکے کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی شکایت پر لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے انہیں گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق اس نے سی سی ٹی وی، ڈیجیٹل آلات اور دیگر دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا، تاہم تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ مقدمہ چلانے کے لیے مطلوبہ شواہد موجود نہیں، اس لیے ان کے خلاف مزید کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
کے این وی بی نے اپنے بیان میں کہا، ’روب کے ساتھ ہم نے صرف ایک قابلِ قدر ریفری ہی نہیں بلکہ ایک مہربان، مخلص اور باوقار ساتھی بھی کھو دیا ہے۔ ہماری ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور تمام چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔‘

فیفا نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، ’ہمیں روب ڈیپرنک کے انتقال کی خبر انتہائی افسوس کے ساتھ ملی۔ فٹبال برادری کی جانب سے ہم ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور نیدرلینڈز فٹبال ایسوسی ایشن سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘
ورلڈ کپ سے خارج کیے جانے کے بعد روب ڈیپرنک نے ڈچ اخبار ڈی ٹیلیگراف کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ان پر ’غلط الزام‘ لگایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا، ’مجھے اس بات کا بے حد دکھ ہے کہ مجھ پر غلط الزام لگایا گیا۔ میں نے ابتدا ہی سے پولیس کی تحقیقات میں مکمل تعاون کیا اور فیفا، یوئیفا اور نیدرلینڈز فٹبال ایسوسی ایشن کو تمام معلومات فراہم کیں۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ کے این وی بی کی حمایت کے شکر گزار ہیں، تاہم فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ کے لیے اپنی تقرری ختم کیے جانے پر انہیں مایوسی ہوئی۔
روب ڈیپرنک 2017 سے نیدرلینڈز کی اعلیٰ فٹبال لیگ ’ایریڈیویزی‘ میں ریفری کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
وہ ’یورو 2024‘ میں بھی وی اے آر آفیشل رہے، جبکہ 9 اپریل کو ’کرسٹل پیلس‘ اور ’فیورینٹینا‘ کے درمیان یوئیفا یوروپا کانفرنس لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے کے میچ میں بھی وی اے آر کی ذمہ داری نبھائی تھی۔