صدر ٹرمپ اتوار کو فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں شرکت کریں گے: وائٹ ہاؤس
صدر ٹرمپ اتوار کو فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں شرکت کریں گے: وائٹ ہاؤس
جمعرات 16 جولائی 2026 22:40
صدر ٹرمپ ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کے روز سپین اور ارجنٹینا کے درمیان ہونے والے ورلڈ کپ فائنل میں شرکت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق وہ ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے جمعرات کو بریفنگ کے دوران کہا کہ ’اُن کی شرکت اس امر کا اظہار ہوگی کہ یہ امریکہ کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا، سب سے محفوظ اور سب سے کامیاب ورلڈ کپ رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ‘یہ اس ٹورنامنٹ کا موزوں ترین اختتام ہے جس نے دنیا کے سب سے بڑے سٹیج پر امریکہ کی میزبانی کی صلاحیت کو نمایاں کیا۔‘
ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ جمعے کو نیویارک میں اپنے ٹاور میں عالمی فٹبال تنظیم کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیے میں بھی شریک ہوں گے۔
عالمی فٹبال تنظیم کے صدر جیانی انفانٹینو نے جون میں اعلان کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نیو جرسی میں کھیلے جانے جا رہے فائنل میں شرکت کریں گے اور فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی جانب سے نہیں کی گئی تھی۔
کیرولین لیویٹ نے کہا کہ انہیں علم نہیں کہ ٹرمپ ارجنٹینا کی حمایت کریں گے یا سپین کی، خاص طور پر اس لیے بھی کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے نیٹو اجلاس میں یورپی ملک سپین کو ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ سے تعاون نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
صدر ٹرمپ اگرچہ اب تک ورلڈ کپ کے کسی میچ میں شریک نہیں ہوئے، تاہم وہ ایک متنازع انداز میں ٹورنامنٹ سے جڑے رہے ہیں۔
اس ماہ کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے عالمی فٹبال تنظیم کے صدر سے کہا کہ امریکہ کے سٹار سٹرائیکر فولارن بالوگن کو بوسنیا کے خلاف میچ میں دکھائے گئے سرخ کارڈ کے فیصلے پر نظرِثانی کی جائے۔
امریکی صدر کے کہنے پر ہی فیفا نے امریکہ کے سٹار سٹرائیکر فولارن بالوگن پر عائد کی گئی ایک میچ کی پابندی ختم کی (فوٹو: گیٹی)
بعد ازاں تنظیم نے فولارن بالوگن پر عائد کی گئی ایک میچ کی پابندی ختم کر دی لیکن بیلجیئم کے خلاف اگلے میچ میں ان کی موجودگی کے باوجود میزبان ٹیم کو 4-1 کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر ٹرمپ بارہا یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ امریکہ کو 2026 کے ورلڈ کپ کی کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ مشترکہ طور پر میزبانی دلوانے کا سہرا انہی کے سر ہے، یہ فیصلہ ان کے پہلے دورِ صدارت میں کیا گیا تھا۔
دوسری جانب جیانی انفانٹینو نے صدر ٹرمپ کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کر رکھے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ سال واشنگٹن میں ورلڈ کپ کی قرعہ اندازی کے موقع پر صدر ٹرمپ کو ایک نیا قائم کردہ امن انعام بھی دیا تھا، جو امریکہ کی جانب سے وینزویلا اور ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے کچھ ماہ قبل کی بات ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو ورلڈ کپ ٹرافی پیش کرنے کی اجازت دینا ایک اور تنازع کے بعد سامنے آیا ہے جب گزشتہ سال اسی سٹیڈیم میں کلب ورلڈ کپ جیتنے پر انگلش کلب چیلسی کو ٹرافی دی گئی تھی۔
صدر ٹرمپ نے اس موقعے پر چیلسی کے کپتان ریس جیمز کو ٹرافی دی لیکن وہ سٹیج سے نہیں اترے اور کچھ دیر تک کھلاڑیوں کے ساتھ جشن میں شریک رہے جس پر کھلاڑی بھی حیران دکھائی دیے۔
بعد ازاں انہوں نے ٹرافی کی ایک نقل اپنے دفتر میں بھی رکھ لی۔