Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کا نیا تفریحی ’مرجان واٹر فرنٹ‘ وزٹرز کا پسندیدہ مقام

مرجان واٹر فرنٹ، جازان شہر کے جنوبی ساحل پر تعمیر کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جازان شہر کے ساحلی علاقے میں نیا تعمیر ہونے والا ’مرجان واٹرفرنٹ‘ مقامی شہریوں اور سیاحوں کے لیے پسندیدہ تفریحی مرکز بن کر ابھر رہا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مرجان واٹر فرنٹ، جازان شہر کے جنوبی ساحل پر تعمیر کیا گیا ہے، جہاں سمندر کے دلکش نظارے، مختلف سہولیات اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آتا ہے۔
مرجان واٹر فرنٹ، 63 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے، یہ منصوبہ جازان ریجن کی بلدیہ کی جانب سے تیار کی جانے والی ساحلی ترقیاتی سکیموں کا حصہ ہے، جس کا مقصد ساحلی وسائل سے بہتر استفادہ، عوام کے لیے کشادہ تفریحی مقامات کی فراہمی ہے۔
نئے تعمیر ہونے والے مرجان واٹر فرنٹ میں سمندر کے کنارے واکنگ ٹریک، تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے بہترین جگہیں، سرسبز میدان، بچوں کے لیے پلے گراؤنڈ اور ریستوران و کیفوں کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

جازان کا مرجان واٹر فرنٹ، 63 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے (فوٹو: ایس پی اے)

جازان میں مرجان واٹر فرنٹ کی ترقی شہری ماحول کو بہتر بنانے، عوامی سہولیات کے معیار کو بلند کرنے اور معیارِ زندگی میں بہتری لانے کے منصوبوں کا حصہ ہے۔
خیال رہے جازان ریجن سمندر، پہاڑوں، وادیوں اور جزیروں پر مشتمل اپنے منفرد قدرتی تنوع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاحتی سہولیات اور خدمات میں مسلسل توسیع کررہا ہے، جس سے اس کی حیثیت مملکت کی نمایاں سیاحتی منزلوں میں مزید مستحکم ہورہی ہے۔
موسمِ گرما میں جازان میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ مرجان واٹر فرنٹ دیگر سیاحتی مقامات کے ساتھ ایک اہم تفریحی منزل کے طور پر سامنے آئی ہے۔ یہ مقام جزیروں اور قدرتی مناظر پر مشتمل جازان کے متنوع سیاحتی تجربات کو مزید وسعت دیتا ہے۔

 

شیئر: