Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان میں انسانی کھوپٹری سے مشابہ چٹان، قدرت کا تراشا ہوا ارضیاتی شاہکار

پہلی نظر میں دیکھنے سے دیو ہیکل انسانی کھوپڑی کا گمان ہوتا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن بلند و بالا پہاڑوں، وادیوں اور وسیع میدانوں کے ساتھ  ایک منفرد قدرتی ورثے کا گھر ہے جسے ہزاروں برس کے ارضیاتی تغیرات نے تشکیل دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ان تبدیلیوں نے مخصوص چٹانوں کی تشکیل کی ہے جو خطے کے تنوع کو ظاہر کرتی ہیں۔
 جازان شہر سے تقریبا 110 کلو میٹرکے فاصلے پر مشرق میں واقع ہروب کمشنری خطے کے نمایاں پہاڑی مقامات میں سے ایک ہے جہاں دلکش قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ غیرمعمولی ارضیاتی آثار بھی موجود ہیں۔
ان عجائبات میں نمایاں’ضحرہ الجمجمہ‘ (انسانی کھوپڑی سے مشابہ چٹان یا سکل راک) ہے، جسے پہلی نظر میں دیکھنے سے دیو ہیکل انسانی کھوپڑی کا گمان ہوتا ہے۔
چٹان میں موجود قدرتی سوراخ، خم اور ابھارمتوازن اندازمیں دکھائی دیتے ہیں جسے قدرت نے ہزاروں برسوں میں تراشا اور موسمیاتی تبدیلیوں نے ایک نادر ارضیاتی تشکیل کی۔

ہروب کمشنری میں واقع یہ چٹان ایک دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ہے، جہاں چٹانی بلندیاں اور نباتات ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو کر دلکش منظر پیش کرتے ہیں۔ سورج کی روشنی کے زاویے بدلنے کے ساتھ چٹان کی شکل اور اس کی جزیات بھی نمایاں ہوتی ہیں جس سے  اس کی جمالیاتی کشش میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
سکل راک جازان کے پہاڑوں میں موجود ارضیاتی تنوع کی منفرد مثال ہے اور اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ خطہ قدرتی خزانوں سے مالا مال ہے جو ماحولیاتی اور سیاحتی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ہروب کمشنری اپنے بلند و بالا پہاڑوں، وادیوں اور منفرد چٹانی ساختوں کے باعث جازان ریجن کی قدرتی دولت کی بھرپور نمائندگی کرتی ہے۔ یہ علاقہ ماحولیاتی و ارضیاتی سیاحت کے لیے ایک ابھرتی ہوئی منزل کے طور پر اپنی شناخت کو مستحکم کر رہا ہے۔

 

شیئر: